اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2025 12:16pm

کراچی میں نصف صدی بعد ڈبل ڈیکر بس سروس شروع، کرایہ کتنا ہوگا؟

کراچی میں تقریباً پچاس سال بعد ڈبل ڈیکر بس سروس دوبارہ شروع کر دی گئی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے کو پورا کر دیا گیا ہے اور شہر میں بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ آج ڈبل ڈیکر بسوں کو تجرباتی طور پر چلا کر دیکھا جائے گا تاکہ تمام انتظامات حتمی کیے جا سکیں۔

شرجیل میمن کے مطابق بسوں کا کرایہ 80 سے 120 روپے کے درمیان ہوگا اور شہریوں کو معیاری سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بسیں ماڈل کالونی سے زینب مارکیٹ تک چلائی جائیں گی اور یہ سروس شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسیں صوبے کے دیگر شہروں میں بھی لائی جائیں گی، ان بسوں کا مقصد زیادہ مسافروں کی گنجائش کے ذریعے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ بسیں ملیر سے شارع فیصل کے روٹ پر چلیں گی۔

ذرائع کے مطابق تقریباً 6 سے 7 دہائیوں کے وقفے کے بعد کراچی جیسے گنجان آباد شہر اور پاکستان کے معاشی مرکز میں دوبارہ ڈبل ڈیکر بسیں نظر آئیں گی۔

سندھ حکومت نے چین سے 3 ارب روپے کی لاگت سے 39 بسیں درآمد کی ہیں، جن میں 5 ڈبل ڈیکر اور 34 ای وی (الیکٹرک) بسیں شامل ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق ڈبل ڈیکر بسیں کل سے کراچی میں باقاعدہ سڑکوں پر چلائی جائیں گی اور شہریوں کو ایک محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کیا جائے گا۔

Read Comments