اونی کپڑے خراب نہ کریں، دھونے کے درست اور آسان طریقے اپنائیں
سردیوں کے موسم میں اونی کپڑے ہر گھر کی ضرورت بن جاتے ہیں، مگر ذرا سی لاپرواہی انہیں سکڑنے، سخت ہونے یا اپنی اصل شکل کھونے پر مجبور کر سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر لوگ اونی کپڑوں کو غلط طریقے سے دھوتے ہیں، جس کا نتیجہ قیمتی لباس کے نقصان کی صورت میں نکلتا ہے۔
کپڑوں کی صفائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اونی ملبوسات کے ساتھ نرمی سب سے اہم اصول ہے۔ گرم پانی یا زور سے رگڑنے سے اون کے ریشے کمزور ہو جاتے ہیں، اس لیے ہمیشہ ٹھنڈے یا نیم گرم پانی میں آہستگی سے دھونا بہتر رہتا ہے۔
اونی کپڑوں کے لیے عام واشنگ پاؤڈر کے بجائے ہلکا لیکویڈ صابن استعمال کرنا چاہیے، کیونکہ سخت کیمیکل اون کو کھردرا اور بے جان بنا سکتے ہیں۔ صابن کو براہِ راست کپڑے پر لگانے کے بجائے پہلے پانی میں اچھی طرح گھول لینا زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
ہاتھ سے کپڑے دھوتے وقت انہیں مروڑنے یا زور لگانے سے گریز کریں۔ گندگی کو نرمی سے دبانے کے بعد فوراً صاف پانی سے دھولیں، کیونکہ مروڑنے سے کپڑے کی بناوٹ خراب ہو سکتی ہے۔
واشنگ مشین میں اونی کپڑے دھوتے وقت ڈیلکیٹ یا وول موڈ کا انتخاب کریں اور تیز اسپن سے پرہیز کریں۔ ماہرین کے مطابق یہی طریقہ کپڑوں کو سکڑنے سے بچاتا ہے اور انہیں طویل عرصے تک نیا رکھتا ہے۔
اونی کپڑے خشک کرنے کا محفوظ طریقہ
گیلے اونی کپڑوں کو ہینگر یا رسی پر لٹکانا بڑی غلطی سمجھی جاتی ہے، کیونکہ اس سے لباس اپنی شکل کھو سکتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ سویٹر یا شال کو کسی چپٹی سطح پر پھیلا کر اوپر ہلکا کپڑا رکھ کر خشک کیا جائے۔
براہِ راست دھوپ میں خشک کرنے سے بھی اجتناب کرنا چاہیے، کیونکہ تیز سورج کی روشنی اون کو سخت اور رنگ کو پھیکا کر سکتی ہے۔ ٹھنڈی اور ہوادار جگہ یا گھر کے اندر خشک کرنا زیادہ محفوظ رہتا ہے۔
اونی کپڑوں کو الماری میں رکھنے سے پہلے مکمل طور پر خشک کرنا بے حد ضروری ہے، کیونکہ نمی سے بدبو اور پھپھوندی لگ سکتی ہے۔
کیڑوں سے بچاؤ کے لیے نیم کے پتے یا نیفتھلین کی گولیاں کپڑوں کے ساتھ رکھنا مفید ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر اونی کپڑوں کی صفائی اور دیکھ بھال درست طریقے سے کی جائے تو یہ نہ صرف کئی برس تک قابلِ استعمال رہتے ہیں بلکہ ہر موسم میں نئے جیسے دکھائی دیتے ہیں۔