فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹکٹوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، 15 کروڑ درخواستیں
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹکٹوں کی فروخت نے عالمی ریکارڈ توڑ دیے ہیں، کیونکہ شائقین کی جانب سے 15 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے مطابق یہ تعداد صرف 15 دن میں آئی، جس نے گزشتہ تقریباً 100 سال کے دوران ورلڈ کپ میں فروخت ہونے والے ٹکٹوں کے مجموعی ریکارڈ کو کئی گنا بڑھا دیا۔
انفانٹینو نے دبئی میں عالمی اسپورٹس سمٹ میں کہا کہ ”ایک کروڑ درخواستیں روزانہ کے حساب سے آئیں، جو ورلڈ کپ کی مقبولیت کو بے مثال ثابت کرتا ہے۔ سب سے زیادہ ٹکٹ کی درخواستیں امریکا سے موصول ہوئیں، اس کے بعد جرمنی اور برطانیہ کا نمبر آیا۔“
فیفا کے مطابق اس آمدنی کو دوبارہ دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی اور رکن ممالک کی فٹبال تنظیموں کی مضبوطی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ انفانٹینو نے کہا، ”اگر فیفا نہ ہوتی تو دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں فٹبال موجود نہ ہوتا۔ یہی آمدنی کھیل کے لیے بقاء اور فروغ کی ضمانت ہے۔“
ٹکٹوں کی ریکارڈ طلب کے باوجود، شائقین نے قیمتوں پر بھی تنقید کی۔ ورلڈ کپ 2026 میں ٹیموں کی تعداد 48 اور میچوں کی تعداد 104 ہو گئی ہے، جس کے باعث ٹکٹیں گزشتہ ایڈیشنز کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہیں۔ اس تنقید کے جواب میں فیفا نے محدود تعداد میں 60 یورو کے سستے ٹکٹ جاری کیے ہیں تاکہ عام فٹبال شائقین بھی میچ دیکھ سکیں۔
اس موقعے پر ایک اور خوشخبری بھی سنائی گئی کہ دبئی اگلے سال فیفا بیسٹ ایوارڈز کی میزبانی کرے گا، جس میں شائقین، میڈیا کے نمائندگان، کپتانوں اور قومی ٹیم کے کوچز کے ووٹ کے مطابق بہترین مرد و خواتین کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
جیانی انفانٹینو نے مزید اعلان کیا کہ ہم نے دبئی میں بہترین کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک نیا شراکت داری معاہدہ کیا ہے۔ ہم کھیل سے لطف اندوز ہوئے اور اب اس اتحاد سے مزید لطف اندوز ہوں گے جو فٹبال پوری دنیا میں لاتا ہے۔
ورلڈ کپ کی یہ تیاریاں نہ صرف تجارتی کامیابی کی عکاس ہیں بلکہ فٹبال کی عالمی رسائی کو بھی اجاگر کرتی ہیں، تاہم شائقین کی وسیع رسائی اور میچ دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا فیفا کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔