اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2025 03:44pm

اسپیکر قومی اسمبلی اور بھارتی وزیرِ خارجہ کا ڈھاکہ میں مصافحہ، مسکراہٹوں کا تبادلہ

بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکہ میں ادا کر دی گئی۔ جنازے کے بعد تعزیتی ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور بھارت کی اعلیٰ شخصیات کے درمیان غیر رسمی ملاقات اور مصافحہ بھی ہوا۔

خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکہ میں پارلیمنٹ کمپلیکس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، مقامی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں عوام شریک تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاک بھارت جنگ کے بعد پہلی بار دونوں ممالک کے اعلی ٰسطح کے رہنماؤں کا آمنا سامنا ہوا ہے۔**

ڈھاکہ کے قومی پارلیمنٹ کمپلیکس میں پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب دونوں ممالک کے وفود خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے تعزیت کر رہے تھے۔

تقریب میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارت کے وزیرِ خارجہ جے شنکر کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ایاز صادق کی جانب آئے اور مصافحہ کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مسکراہٹ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

رواں سال مئی میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہر قسم کے سیاسی اور سفارتی رابطے منقطع ہیں۔

اس کشیدگی کے اثرات سفارتی حلقوں کے علاوہ کھیل کے میدان میں بھی دیکھنے آئے تھے۔ ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس عمل کو باقاعدہ پالیسی قرار دیا تھا اور صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

اس کے بعد بھی مختلف مواقع پر بھارت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں ’نو ہینڈ شیک‘ پالیسی دیکھنے میں آئی تھی۔

رواں سال دبئی ایئر شو میں بھی بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کے پاکستانی پویلین کے دورے کے موقع پر غیر رسمی ملاقات کی تصاویر سامنے آنے پر بھی بھارت میں خوب ہنگامہ ہوا تھا۔

Read Comments