کراچی میں 2025 کی آخری بڑی ڈکیتی: ڈاکو شادی والے گھر کا صفایا کرگئے
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن گلشنِ شیراز میں سال 2025 کی آخری بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آ گئی، جہاں سفید کار میں سوار مسلح ڈاکو شادی والے گھر کا صفایا کرتے ہوئے 20 تولے سے زائد سونا اور 5 لاکھ روپے نقد رقم لے اڑے۔
سال 2025 جاتے جاتے کراچی میں سال کی سب سے بڑی واردات رپورٹ ہو گئی۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے گلشنِ شیراز میں سفید کار گینگ نے سرکاری ادارے کے اہلکار کے شادی والے گھر کا صفایا کرڈالا۔
پولیس اور متاثرین کے مطابق پانچ مسلح ڈاکو سفید کار میں سوار ہوکر گھر میں داخل ہوئے اور شام ساڑھے 4 بجے سے 6 بجے تک تقریباً ڈھائی گھنٹے گھر میں موجود رہے۔
اس دوران ملزمان نے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ خواتین سے بدتمیزی بھی کی گئی ملزمان گھر سے 20 تولہ سے زائد سونا، 5 لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ لوٹ کر فرار ہو گئے۔
لوٹے گئے سونے کی مالیت 40 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ملزمان کی گاڑی پر اسلام آباد کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شہری کا تعلق ایک سیکیورٹی ادارے سے ہے۔ واقعے کی اطلاع موصول ہو چکی ہے اور مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔