شائع 01 جنوری 2026 01:09pm

گھانا میں نبوت کا جھوٹا دعویدار گرفتار

افریقی ملک گھانا میں نبوت کے دعویدار شخص ایبو نوح کا ڈراما بالآخر بے نقاب ہوگیا، جسے عالمی طوفان کی جعلی پیش گوئی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

گھانا پولیس نے بدھ کو اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایوانس ایشن کی گرفتاری ان کے جاری اقدامات کا حصہ ہے، جس میں سائبر سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے بیانات یا پیش گوئیوں کو کنٹرول کرنا شامل ہے۔ پولیس نے اس موقع پر یہ واضح کیا کہ فی الحال ایشن پر لگائے گئے مخصوص الزامات یا ان کے رویے کی نوعیت عوام کے سامنے نہیں لائی گئی ہے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور تحقیقات کے مکمل ہونے تک صبر کریں، جبکہ قانونی کارروائی مناسب طریقے سے انجام دی جائے گی۔ اہلکاروں نے مزید کہا کہ ہر ملزم کو عدالت میں جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جائے گا۔

ایبو نوح نے گزشتہ مہینوں میں عالمی توجہ حاصل کی تھی جب انہوں نے ایک بڑا لکڑی کا کشتی نما ڈھانچہ بنایا اور پیش گوئی کی کہ 25 دسمبر سے دنیا پر طوفان آئے گا۔ انہوں نے عوام کو اس آفت سے پہلے توبہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کے بیان اور کشتی کی ویڈیوز نے گھانا اور دیگر ممالک سے زائرین کو متوجہ کیا۔

تاہم، ایبو نوح نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ متوقع آفت واقع نہیں ہوئی کیونکہ انہیں نئی وحی موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ دنیا بھر کے لوگ کشتی میں پناہ لینے آئے تو اس کی گنجائش سے زیادہ ہوگئے۔ انہوں نے مزید وقت مانگا تاکہ اضافی کشتیوں کی تعمیر ممکن ہو سکے۔

Read Comments