شائع 01 جنوری 2026 09:13pm

کراچی میں سڑکیں اور فٹ پاتھ کھودنے پر 2 ماہ کی پابندی عائد

کمشنر کراچی نے شہر میں سڑکیں اور فٹ پاتھ کھودنے پر 2 ماہ کی پابندی لگادی، جس کا  نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، کمشنر کراچی نے خبردار کیا ہے کہ اب اجازت کے بغیر روڈ کٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

جمعرات کو کراچی میں ٹریفک جام اور روڈ انفراسٹرکچر کو نقصان سے بچانے کے لیے کمشنر کراچی کا اہم اقدام سامنے آیا ہے، شہر کی سڑکیں اور فٹ پاتھ کھودنے پر 2 ماہ کی پابندی لگادی۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اداروں کی جانب سے یوٹیلیٹی سروسز کے لیے کھدائی کی گئی ہے جس سے حادثات میں اضافہ ہوا ہے، روڈ اور فٹ پاتھ کٹنگ پر پہلے بھی پابندی عائد کی گئی تھی مگر خلاف ورزی کی شکایات ملتی رہیں۔

نوٹیفیکشن میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ بنا اجازت روڈ کٹنگ پر دفعہ 144 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفیکشن کے مطابق یکم جنوری سے 3 مارچ تک سڑکیں اور فٹ پاتھ نہیں کھودے جا سکیں گے۔

کمشنر سید حسن نقوی کا کہنا ہے کہ روڈ کٹنگ سے شہری انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور غیر مربوط کھدائی ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ تمام اداروں اور افراد کو کھدائی کے لیے شہری حکومت اور سندھ حکومت سے اجازت لینی ہوگی۔

Read Comments