کراچی: مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے 4 لاشیں برآمد
نئے سال کے دوسرے ہی روز کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے 4 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے 2 لاشیں خواتین، ایک مرد اور بچے کی ہے۔
سال 2026 کے دوسرے روز کراچی شہر میں ایک اور لرزہ خیز قتل کی واردات سامنے آئی ہے، مائی کلاچی پھاٹک کے قریب جھاڑیوں میں موجود مین ہول سے 4 لاشیں ملی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ چاروں لاشیں 10 سے 15 روز پرانی ہیں اور مرنے والوں میں ایک مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ خواتین کی عمر تقریباً 24 سے 45 سال کے درمیان ہیں جب کہ مرد کی عمر 25 سے 30 اور لڑکے کی عمر 14 سے 16 سال کے درمیان ہے۔
ایدھی کے رضا کاروں نے پولیس کے ہمراہ لاشوں کو مین ہول سے نکالا جب کہ واقعے کی وجوہات اور لاشوں کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ قاتلوں نے لاشوں کو چھپانے کے لیے گٹر میں کنکریٹ کے بلاک ڈالے، لاشوں کے قریب کوئی شناختی کارڈ یا دستاویز میں نہیں ملے، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ، پوسٹ مارٹم کے بعد تحقیقات میں پیش رفت ہوسکے گی۔
ریسکیو رضاکاروں نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے ایک شخص کو نکالا گیا، مزید پھر 3 لاشیں ملیں، کوڑا اکٹھا کرنے والے شخص نے بتایا مین ہول میں لاش ہے، مقتولین کو پہلے یہاں لایا گیا پھر قتل کیا گیا۔
قتل کرنے کے شواہد جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جائے وقوعہ پر دور دور تک آبادی کا نام و نشان نہیں، یہاں ماضی میں بھی ایسی قتل کی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں۔
اے ایس پی زین بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مائی کلاچی کا یہ جنگل ایریا کہلاتا ہے، مین ہول سے 4 لاشیں ملی ہیں، مین ہول میں پتھروں کے نیچے لاشیں پڑی ہوئی تھیں، پتھروں کو ہٹایا تو 2 خواتین اور 2 مرد کی لاشیں تھیں، لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
زین بلوچ نے مزید بتایا کہ قبل ازو قت کچھ نہیں کہہ سکتے، سیوریج پانی کی وجہ سے لاشوں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی۔
سال 2026 کے پہلے 2 روز کے دوران شہر میں 7 لاشیں ملی ہیں، مائی کولاچی، نیوکراچی، دھوراجی اور صفورہ سے لاشیں برآمد ہوئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا واقعے کا نوٹس
دوسری جانب کراچی کے علاقے ماڑی پور میں نالے سے 4 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماڑی پور میں نالے سے 2 خواتین، ایک بچے اور ایک مرد کی لاشیں ملنے کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے سے متعلق رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔