جنوبی میکسیکو میں شدید زلزلہ، صدر کی پریس کانفرنس روک دی گئی
جنوبی میکسیکو میں جمعے کے روز آنے والے طاقتور زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور صدر کلاڈیا شین باؤم کی پریس کانفرنس بھی کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے (رائٹرز) کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز ریاست گیریرو میں بحرالکاہل کے ساحل کے قریب تھا۔ زلزلہ 35 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم اور ریاست گیریرو کے گورنر کے مطابق فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلے کے وقت صدر شین باؤم میکسیکو سٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں کہ اچانک زلزلے کے الارم بجنے لگے۔
صدر نے بتایا کہ انہیں زمین کے ہلنے کا احساس ہوا، جس کے بعد انہوں نے صحافیوں کے ہمراہ پرسکون انداز میں عمارت خالی کی۔ کچھ ہی دیر بعد پریس کانفرنس دوبارہ شروع کر دی گئی۔
صدر شین باؤم کے مطابق دارالحکومت میکسیکو سٹی میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زلزلے کے باعث شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر خوف کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
ریاست گیریرو میں مشہور سیاحتی شہر اکاپولکو بھی شامل ہے، جو تعطیلات کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اکاپولکو اب بھی 2023 میں آنے والے کیٹیگری فائیو سمندری طوفان کے اثرات سے بحالی کے عمل میں ہے۔