شائع 08 جنوری 2026 09:30am

آسٹریلیا نے ایشیز سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی

ایشیز سیریز کا اختتام آسٹریلیا کی فتح پر ہوا، انگلینڈ کو آخری ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلیا نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آخری روز فتح حاصل کرتے ہوئے ایشیز سیریز 1-4 سے اپنے نام کر لی اور ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 12 اہم پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔

پانچویں دن کے آغاز پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کی دوسری اننگز 342 رنز پر سمیٹی، جس کے بعد میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف ملا۔

آسٹریلیا نے یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، تاہم انگلش بولرز اور فیلڈرز نے آخری وقت تک مقابلہ جاری رکھا۔

انگلینڈ نے اوپنر عثمان خواجہ کو یادگار اختتام سے محروم کر دیا، جب انہیں جوش ٹنگ نے صرف 6 رنز پر آؤٹ کیا۔ خواجہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند کو اپنے ہی اسٹمپس پر لگا بیٹھے۔

آخر میں الیکس کیری اور کیمرون گرین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوائی۔

اس کامیابی کے بعد آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027-2025 کی پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست مقام پر مضبوطی سے براجمان ہے، جہاں وہ اب تک دستیاب پوائنٹس کا 87.50 فیصد حاصل کر چکا ہے۔

Read Comments