اپ ڈیٹ 08 جنوری 2026 11:14am

قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر پاک فوج میں زیرو ٹالرنس ہے: فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر پاک فوج میں زیرو ٹالرنس ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فورس کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی استعداد بڑھانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو فارمیشن کی آپریشنل اور جنگی تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، جبکہ انہیں تربیتی مشقوں، جدید ٹیکنالوجیز اور فوجی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور حربی حکمتِ عملیوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری، سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر پاک فوج کا رویہ زیرو ٹالرنس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج میں اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے جوانوں کے لیے فراہم کی گئی کھیل اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور انہیں جسمانی فٹنس، حوصلہ اور مجموعی فلاح و بہبود کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ لاہور میں ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی، جو مکمل طور پر جدید طبی سہولیات سے مزین ہے۔

افسران سے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان آرمی کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی بھی خطرے کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر زور دیا اور ادارے کے عزم کو اجاگر کیا کہ وہ مختلف چیلنجز کا مقابلہ توجہ، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور فوجی اقدار، نظم و ضبط اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔

Read Comments