لاہور میں درجن سے زائد دکانداروں کے ساتھ کروڑوں روپے کا فراڈ
لاہور کی اچھرہ جیولری مارکیٹ کے بعد ہال روڈ مارکیٹ میں بھی مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ سامنے آگیا،دو ملزمان درجن سے زائد دکانداروں اور خریداروں سے کروڑوں کا فراڈ کر کے غائب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہال روڈ مارکیٹ میں کروڑوں روپے کے فراڈ کے مقدمات سامنے آئے ہیں، جن میں متاثرہ دکانداروں نے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درخواستیں دی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، تاہم تاجروں کے مطابق فراڈ کی اصل رقم 15 سے 20 کروڑ روپے تک ہو سکتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سولر پلیٹس اور انورٹر کی مد میں تاجروں سے پیسے وصول کیے اور پھر دکانوں کو تالے لگا کر غیر قانونی طور پر غائب ہو گئے۔
ابتدائی تفتیش جاری ہے اور پولیس نے وعدہ کیا ہے کہ جلد ہی مقدمہ درج کر لیا جائے گا اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
متاثرہ تاجروں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اس سلسلے میں اگر کسی کو مزید معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔