پنجاب کے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئیں
پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے 19 جنوری سے کھلیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ موسم کی شدت اور عوامی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ ان کے سوشل میڈیا پیج پر کیے گئے عوامی سروے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق سروے میں شامل 87 فیصد افراد نے تعطیلات میں توسیع کے حق میں رائے دی، جبکہ تقریباً 13 فیصد افراد نے 12 جنوری کو تعلیمی ادارے کھولنے کے حق میں ووٹ دیا۔
وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ سروے میں 19 جنوری کے حق میں 1 لاکھ 54 ہزار 178 آراء موصول ہوئیں، جبکہ 12 جنوری کے حق میں 24 ہزار 829 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے مشاورت کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو شدید سردی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔