شائع 10 جنوری 2026 03:50pm

دبئی کی گلیوں میں کچرا پھینکنے پر 500 درہم جرمانہ

دبئی میونسپلٹی نے صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کے لیے اسمارٹ کیمروں کے ایک نئے سسٹم کا آزمائشی مرحلہ شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام ”اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ“ فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہر کی سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کی صورتحال پر نظر رکھنا ہے۔

میونسپلٹی کے مطابق اس پائلٹ مرحلے میں کوڑا جمع کرنے اور منتقل کرنے والی کچھ گاڑیوں پر اسمارٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ یہ کیمرے حقیقی وقت میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا کے تجزیے کی مدد سے کام کرتے ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ان کیمروں کے ذریعے سڑکوں، گلیوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر صفائی کی حالت کو مانیٹر کیا جاتا ہے اور غیر قانونی طور پر کوڑا پھینکنے کی جگہوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

کیمرے جو تصاویر لیتے ہیں وہ فوراً ڈیجیٹل سسٹم میں منتقل ہو جاتی ہیں، جہاں انہیں خصوصی ڈیش بورڈ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سے فیلڈ میں موجود ٹیموں کو فوری کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ سسٹم خاص طور پر عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے، پرانا فرنیچر یا بھاری سامان غلط جگہ پر چھوڑنے جیسی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا ہے۔

عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر 500 درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر مروان احمد بن غلیطہ نے کہا کہ یہ منصوبہ نگرانی کے سسٹم کو جدید بنانے، اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلے کرنے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پائیدار پالیسیوں کی تیاری کا حصہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل کے مطابق آزمائشی مرحلے کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس سسٹم کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ویسٹ اینڈ سیوریج ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر عادل المرزوقی نے بتایا کہ یہ سسٹم خلاف ورزیوں کو درست طریقے سے ریکارڈ کرنے اور مسائل کے فوری حل میں مدد دیتا ہے، جبکہ کمیونٹی کی پرائیویسی کا بھی مکمل خیال رکھا جاتا ہے، جو دبئی کے اسمارٹ سٹی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

یہ منصوبہ دبئی انٹیگریٹڈ ویسٹ مینجمنٹ اسٹریٹجی 2041 کا بھی حصہ ہے، جس کا مقصد شہر کی صفائی، معیارِ زندگی اور پائیداری کو بہتر بنانا ہے۔

Read Comments