اپ ڈیٹ 10 جنوری 2026 03:59pm

نئی پی ایس ایل فرنچائز ’سیالکوٹ‘ کے مالک کا آسٹریلوی کرکٹرز سے رابطہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز سیالکوٹ کے مالک حمزہ مجید نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں چھ سے سات کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہاں سے غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنیں گے ٹیم کا نام پہلے دن سے ہی سیالکوٹ رکھنے کا ارادہ تھا اور اس فیصلے کے پیچھے شہر سے جذباتی وابستگی اور کرکٹ کی تاریخی اہمیت شامل ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ مجید نے بتایا کہ فرنچائز انتظامیہ نے باقاعدہ طور پر سیالکوٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں عوام سے ملاقات کے دوران غیرمعمولی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ صرف ایک شہر نہیں بلکہ علامہ اقبالؒ کا شہر ہے، تاہم بدقسمتی سے سیالکوٹ کا ٹیسٹ سینٹر اس وقت خستہ حالی کا شکار ہے، جسے بہتر بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

حمزہ مجید نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر ٹیم کے نام سمیت دیگر اہم فیصلے مکمل کرلیے جائیں گے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصل آباد اسٹیڈیم استعمال کرنے کی پیشکش بھی کی ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے اور بوقت ضرورت فیصل آباد اسٹیڈیم کو ٹیم کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فرنچائز مالک کا کہنا تھا کہ نئی اور پرانی ٹیموں کے درمیان کھلاڑیوں کے معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں چھ سے سات کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہاں سے غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ کے باصلاحیت مقامی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

حمزہ مجید نے واضح کیا کہ ان کی پہلی ترجیح قومی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنا ہے، اس کے بعد مکمل میرٹ کی بنیاد پر دیگر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز کا سب سے پہلا عملی قدم سیالکوٹ میں ہوم گراؤنڈ کا قیام ہوگا، جبکہ اگلے 10 دن کے اندر ہائی پرفارمنس سینٹر پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ سے منسلک مایہ ناز کھلاڑیوں، جن میں ظہیر عباس سمیت دیگر سابق کرکٹرز شامل ہیں، کو مکمل عزت اور مقام دیا جائے گا۔

کوچنگ اسٹاف اور کپتان کے انتخاب کے حوالے سے حمزہ مجید نے کہا کہ فیصلے مکمل طور پر میرٹ پر ہوں گے، جہاں پہلی ترجیح مقامی ماہرین ہوں گے تاہم آسٹریلین ماہرین کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر حمزہ مجید نے کہا کہ سیالکوٹ فرنچائز کے ذریعے وہ ایسے اقدامات کرنے جارہے ہیں جو اس سے قبل پاکستان کرکٹ میں کبھی نہیں ہوئے، اور ان کا مقصد صرف ایک ٹیم بنانا نہیں بلکہ پورے ریجن میں کرکٹ کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔

Read Comments