’ایڈولیسنس‘ اداکار سب سے کم عمر گولڈن گلوب فاتح بن گئے
ہالی وُڈ کے نوجوان اداکار اوون کوپر نے اپنی شاندار اداکاری کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور گولڈن گلوب ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
اتوار کو 16 سالہ اوون نے ٹیلی ویژن میں بہترین معاون کردار کے ایوارڈ کے لیے نامزدگی کو فتح میں بدل دیا۔انہیں یہ اعزاز سیریز ”ایڈولیسنس“ میں جیمی ملر کے کردار میں بہترین کارکردگی پر ملا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اسٹیج پر آتے ہوئے اوون کوپر نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ لمحہ واقعی خواب جیسا محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، ”گولڈن گلوب کے ساتھ یہاں کھڑا ہونا حقیقت لگتا ہی نہیں۔ یہ سفر میرے اور میرے خاندان کے لیے ناقابل یقین رہا ہے۔“
اوون نے اپنے ابتدائی تجربات بھی شیئر کیے اور بتایا کہ ڈرامہ کلاسز میں حصہ لینا شروع میں ایک خوفناک تجربہ تھا، جہاں وہ واحد لڑکے تھے، جسے ابتدا میں شرم محسوس ہوئی۔ مگر اسی تنہائی نے انہیں سیکھنے اور بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
اوون نے کہا، “میں نے ہمت نہیں ہاری اور آج بھی میں ایک سیکھنے والا شاگرد ہوں۔ ہر دن میں اپنے آس پاس کے لوگوں سے کچھ نیا سیکھ رہا ہوں
انہوں نے نیٹ فلکس کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اس سیریز میں شامل کیا۔ اوون نے اپنے مداحوں کے لیے جذباتی پیغام دیا اور کہا، ”آپ اکیلے نہیں ہیں، 2026 میں بھی ساتھ چلیں گے۔“
اوون کوپر کواس کامیابی کے لیے دیگر نامزد اداکاروں جیسے بلی کروڈوپ، والٹن گوگنز، جیسن آئزیکس، ٹرامل ٹل مین اور اشلی والٹرز کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑا۔
گولڈن گلوب صرف ایک ایوارڈ نہیں بلکہ ہالی وُڈ میں معیار اور پہچان کی علامت ہے۔ یہ ان اداکاروں، ہدایتکاروں اور ٹیلی ویژن اسٹارز کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی فنکارانہ مہارت سے ناظرین کو متاثر کیا ہو۔ 16 سال کی عمر میں اوون کوپر کا یہ ایوارڈ جیتنا نہ صرف اس کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ عمر کبھی بھی فن اور قابلیت کے معیار کو محدود نہیں کر سکتی۔
یہ ایوارڈ ہر سال جنوری میں دیا جاتا ہے اور اسے ہالی وُڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کے ارکان منتخب کرتے ہیں، جو دنیا بھر کے صحافی ہیں اور ہالی وُڈ کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کا احاطہ کرتے ہیں۔ اوون جیسے نوجوان فنکار کے لیے یہ ایوارڈ نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ مستقبل میں مزید مواقع اور پہچان کا دروازہ بھی کھولتا ہے۔
اب اوون کی نگاہیں اگلے سفر پر ہیں۔ وہ جلد ہی فلم ”وتھرنگ ہائٹس“ میں نوجوان ہیٹکلف کے روپ میں سامنے آئیں گے، ایک نیا کردار، ایک نئی دنیا اور ایک نیا چیلنج، کیونکہ اوون میں حوصلہ ہے، زبردست جذبہ ہے یہ وہ چیزیں ہیں جو حقیقت کے دروازے کھولتی ہیں۔