ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل خاتون آسٹریلوی کپتان کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
آسٹریلیا ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز ایلیسا ہیلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے پہلے فروری تا مارچ بھارت کے خلاف ہونے والی سیریز ان کے کیریئر کی آخری بین الاقوامی سیریز ہوگی۔
35 سالہ ایلیسا ہیلی نے معروف پوڈ کاسٹ ولو کاٹ پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف سیریز کے اختتام پر کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی مہینوں سے اس بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہی تھیں۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، مگر کافی عرصے سے ذہنی تھکن اور مسلسل انجریز کے باعث وہ اس نتیجے پر پہنچی ہیں۔
ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں حصہ نہیں لیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے کم وقت دستیاب ہے، اسی وجہ سے انہوں نے اس فارمیٹ سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم وہ ون ڈے سیریز اور پرتھ میں ہونے والے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گی۔
2010 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 19 برس کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والی ایلیسا ہیلی نے آسٹریلیا کے لیے طویل اور شاندار سفر طے کیا۔ وہ اب تک 162 ٹی20 انٹرنیشنل، 126 ون ڈے اور 11 ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں۔
میگ لیننگ کی ریٹائرمنٹ کے بعد 2023 میں ایلیسا ہیلی کو مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے انگلینڈ میں کھیلی گئی ملٹی فارمیٹ ایشز سیریز میں 16-0 سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ان کے دورِ کپتانی میں ٹیم 2024 ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ اور 2025 ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک بھی پہنچی۔
ایلیسا ہیلی کو خواتین کرکٹ کی خطرناک ترین وکٹ کیپر میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ آٹھ آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کا حصہ رہ چکی ہیں، جن میں چھ ٹی20 اور دو ون ڈے ورلڈ کپ شامل ہیں۔ 2022 کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا کو گولڈ میڈل دلانے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایلیسا ہیلی نے کہا کہ یہ فیصلہ جذباتی ضرور ہے، لیکن انہیں لگا کہ اب صحیح وقت آ گیا ہے۔
ایلیسا ہیلی کا آخری بین الاقوامی میچ بھارت کے خلاف پرتھ میں 6 سے 9 مارچ کے درمیان کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ میچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر اپنے کیریئر کا اختتام کرنے پر مطمئن اور پُرجوش ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا ریٹائرمنٹ کا اعلان ویمنز پریمیئر لیگ 2026 کے حالیہ آکشن کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا، جہاں وہ حیران کن طور پر بغیر کسی بولی کے رہ گئیں۔
اگرچہ توقع کی جا رہی تھی کہ انہیں ایکسیلیریٹڈ راؤنڈ میں خریدا جائے گا، مگر ایسا نہ ہو سکا۔ وہ اس سے قبل یوپی واریئرز کی نمائندگی کر چکی تھیں، تاہم انجری کے باعث 2025 سیزن سے باہر رہی تھیں۔