شائع 13 جنوری 2026 10:43am

’ارچنا پورن سنگھ کی نایاب بیماری ان کی زندگی بدل سکتی ہے‘: ماہر کا انتباہ

بھارتی فلم اور ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ ارچنا پورن سنگھ کو لاحق نایاب اعصابی بیماری کمپلیکس ریجنل پین سنڈروم (سی آر پی ایس) ان کی روزمرہ زندگی پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ بیماری جان لیوا تو نہیں، تاہم بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں مریض کی جسمانی کارکردگی اور معیارِ زندگی کو شدید طور پر متاثر کر سکتی ہے۔

یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب ارچنا پورن سنگھ کے بیٹے آیوشمان سیٹھی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے اپنی والدہ کی صحت سے متعلق جدوجہد پر روشنی ڈالی۔

ان کے مطابق 2025 میں کلائی کی چوٹ کے بعد ارچنا میں سی آر پی ایس کی تشخیص ہوئی، جس کے نتیجے میں ان کا متاثرہ ہاتھ مکمل طور پر پہلے جیسا نہیں ہو سکے گا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں آیوشمان نے کہا کہ ان کی والدہ نے شدید درد کے باوجود کبھی شکایت نہیں کی۔

انہوں نے بتایا کہ ارچنا نے اسی حالت میں دو سے تین فلموں اور ایک ویب سیریز کی شوٹنگ مکمل کی، حتیٰ کہ ایک مہینے تک مسلسل تیس دن کام کرتی رہیں۔ ساٹھ سال سے زائد عمر میں یوٹیوب چینل بھی لانچ کیا، جو ان کی غیر معمولی ہمت کی مثال ہے۔

آیوشمان نے اپنے پیغام میں والد پرمیت سیٹھی، خاندان کے دیگر افراد اور یہاں تک کہ پالتو کتوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور نئے سال کے موقع پر خاندان کے لیے فخر اور شکرگزاری کا اظہار کیا۔

اس ویڈیو سے بے حد متاثر ہو کر ارچنا پورن سنگھ نے اپنے فیملی ولاگ میں جذباتی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو ان کے لیے خوشی کے آنسو لے کر آئی ہے اور انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ اس نے سال کے اختتام پر اپنے اردگرد موجود لوگوں کے لیے شکرگزاری کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ارچنا پورن سنگھ کو 2025 کی فلم ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ کی شوٹنگ کے دوران کلائی میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد یہ پیچیدہ بیماری سامنے آئی۔

طبی ماہرین کے مطابق سی آر پی ایس ایک دیرپا درد کی بیماری ہے جو عموماً کسی چوٹ، فریکچر یا سرجری کے بعد پیدا ہوتی ہے۔

ڈاکٹر سوپنل زمبارے، کنسلٹنٹ آرتھروسکوپی کے مطابق اس بیماری میں درد معمول سے کہیں زیادہ شدید اور طویل ہوتا ہے، جو زخم بھرنے کے بعد بھی برقرار رہتا ہے۔ اس دوران متاثرہ عضو میں سوجن، اکڑاؤ، رنگت اور درجہ حرارت میں تبدیلی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی چوٹ کے ہفتوں بعد بھی درد میں اضافہ ہو، سختی یا سوجن برقرار رہے تو فوری طور پر طبی مشورہ لینا ضروری ہے۔ بروقت تشخیص اور علاج سے اس بیماری کے اثرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے، جبکہ تاخیر کی صورت میں متاثرہ عضو کی کارکردگی مستقل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

ارچنا پورن سنگھ کے معاملے نے اس نایاب بیماری کو ایک بار پھر عوامی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق سی آر پی ایس کے بارے میں آگاہی بے حد ضروری ہے تاکہ مریض درد کو نظرانداز کرنے کے بجائے بروقت علاج حاصل کر سکیں، کیونکہ یہ بیماری واقعی زندگی بدل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Read Comments