شائع 13 جنوری 2026 04:56pm

کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے ٹینکر سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے واٹر کارپوریشن کو متبادل نظام متعارف کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

میئر کراچی نے کہا ہے کہ کراچی میں واٹر ہائیڈرنٹس ختم کرکے پانی کی فراہمی پائپ لائنز کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے واٹر کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ٹینکروں کا متبادل مؤثر نظام لایا جائے تاکہ شہریوں کو مستقل بنیادوں پر پانی کی سہولت فراہم ہو سکے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ واٹر ہائیڈرنٹس سے ماہانہ تقریباً 30 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے تاہم ان ہائیڈرنٹس کے کنٹریکٹس گزشتہ سال ہی ختم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب نئے کنٹریکٹس جاری نہیں کیے جائیں گے بلکہ شہریوں کو ٹینکروں سے نجات دلائی جائے گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کرنا کوئی مستقل حل نہیں ہے اور اس نظام کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کی کمی کو متبادل دنوں میں ہر علاقے کو پانی فراہم کرکے پورا کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کو ہدایت دی کہ پانی عوام کی دہلیز پر لائنوں کے ذریعے فراہم کیا جائے اور اس مقصد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Read Comments