کراچی میں رات گئے مختلف مبینہ پولیس مقابلے، 7 ملزمان گرفتار
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے تین مبینہ مقابلوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ، چھینی گئی موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
کراچی میں رات گئے 3 مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، جن کے نتیجے میں ایک زخمی سمیت مجموعی طور پر 7 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں کورنگی، سرجانی ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن میں کی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی جبکہ چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت فرحان زیب کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں میں نعمت اللہ، شہزاد اور جنید علی شاہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستول، چھ موبائل فون، 37 ہزار روپے نقدی اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
دوسری جانب سرجانی ٹاؤن میں بھی پولیس سے مبینہ مقابلہ ہوا، جہاں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت دانیال اور محمد اصف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔
اسی طرح اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4 ایف میں اے وی ایل سی نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔