اپ ڈیٹ 14 جنوری 2026 12:42pm

تھائی لینڈ میں تعمیراتی کرین گرنے سے ٹرین کو حادثہ، 22 افراد ہلاک

تھائی لینڈ میں بدھ کی صبح ایک افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 22 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ بنکاک سے ملک کے شمال مشرقی صوبے کی جانب جانے والی ایک مسافر ٹرین کے ساتھ پیش آیا، جو ناکھون راچاسیما صوبے کے ضلع سکھیو میں پٹری سے اتر گئی۔

یہ مقام دارالحکومت بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

مقامی پولیس چیف تھاچاپون چنناوونگ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ حادثے میں 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 30 سے زیادہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

اُن کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین تھائی لینڈ کے صوبے اوبون راچاتھانی جا رہی تھی۔

مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ریلوے ٹریک کے قریب ایک ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر کام جاری تھا۔

اسی دوران ایک تعمیراتی کرین اچانک چلتی ہوئی ٹرین کے ایک ڈبے پر آ گری۔ کرین کے ٹکرانے سے ٹرین پٹری سے اتر گئی اور کچھ دیر کے لیے آگ بھی لگ گئی۔

حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر امدادی کارروائیوں کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار ملبہ کاٹ کر زخمی مسافروں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کرین گرنے کی اصل وجہ کیا تھی اور آیا حفاظتی اقدامات میں کوئی غفلت برتی گئی یا نہیں۔

تھائی حکام نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Read Comments