چکن اسکن کے ساتھ پکائیں یا اس کے بغیر؟ صحت کے لیے کیا بہتر ہے
چکن نان ویجیٹیرین افراد کی پسندیدہ غذا میں شمارہوتی ہے اور اسے پروٹین کا بہترین ذریعہ مانا جاتا ہے۔ سالن ہو، گرل ہو یا روسٹ، چکن مختلف شکلوں میں گھروں اور ریستورانوں میں باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم صحت کے حوالے سے ایک سوال طویل عرصے سے زیرِ بحث ہے کہ چکن کو کھال کے ساتھ کھانا بہتر ہے یا بغیر کھال کے۔
ماہرینِ غذائیت کے مطابق چکن اس لیے صحت بخش سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں اعلیٰ معیار کا پروٹین پایا جاتا ہے جو پٹھوں کی مضبوطی، جسمانی توانائی اور خلیوں کی مرمت میں مدد دیتا ہے۔
اس کے علاوہ چکن میں آئرن، زنک، وٹامن بی 6 اور بی 12 بھی شامل ہوتے ہیں، جو مدافعتی نظام اور اعصابی صحت کے لیے مفید ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فٹنس، جم اور وزن متوازن رکھنے والی غذاؤں میں چکن کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔
چکن کی کھال کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں چکنائی کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے، تقریباً تین چوتھائی حصہ فیٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔ اگرچہ اس میں موجود زیادہ تر چکنائی غیر سیر شدہ ہوتی ہے جو دل کے لیے نسبتاً بہتر سمجھی جاتی ہے، لیکن زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے کیلوریز تیزی سے بڑھ سکتی ہیں۔ یہی اضافی کیلوریز وزن میں اضافے اور کولیسٹرول کے مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔
تحقیقی اندازوں کے مطابق بغیر کھال کے چکن میں کیلوریز کم اور پروٹین زیادہ ہوتا ہے، جبکہ کھال کے ساتھ چکن کھانے سے توانائی تو زیادہ ملتی ہے مگر اس کے ساتھ غیر ضروری چکنائی بھی جسم میں شامل ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزن کم کرنے والے افراد، دل کے مریض، شوگر یا ہائی کولیسٹرول کے شکار لوگوں کو عام طور پر بغیر کھال کے چکن کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
تاہم ذائقے کے شوقین افراد کے لیے ماہرین ایک درمیانی راستہ بھی تجویز کرتے ہیں۔ ان کے مطابق چکن کو کھال کے ساتھ پکایا جائے تاکہ ذائقہ برقرار رہے، لیکن کھانے سے پہلے کھال نکال دی جائے۔ اس طرح چکن خوش ذائقہ بھی رہتا ہے اور غیر ضروری چکنائی سے بھی بچاؤ ہو جاتا ہے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ چکن کی صحت بخش خصوصیات کا انحصار صرف کھال پر نہیں بلکہ پکانے کے طریقے پر بھی ہوتا ہے۔ زیادہ تیل میں تلنا یا بار بار گرم کیا گیا چکن صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، جبکہ ابالنا، گرل کرنا یا بیک کرنا زیادہ محفوظ اور مفید طریقے سمجھے جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن کھال کے ساتھ یا بغیر کھانا ہر فرد کے طرزِ زندگی، صحت کی حالت اور غذائی ضروریات پر منحصر ہے۔ اعتدال، درست پکانے کا طریقہ اور مناسب مقدار وہ عوامل ہیں جو چکن کو واقعی صحت بخش غذا بناتے ہیں۔ صحیح انتخاب کے ساتھ چکن آج بھی ایک متوازن اور غذائیت سے بھرپورغذا مانی جاتی ہے۔