شائع 14 جنوری 2026 11:15am

ہونڈا نے اپنا مشہور ’H‘ والا لوگو تبدیل کردیا

جاپانی کاریں بنانے والی کمپنی ہونڈا موٹر نے اپنی مشہور زمانہ علامت ”H“ کا نیا اور جدید ڈیزائن متعارف کرایا ہے، جو اب ہونڈا کی گاڑیوں کی نئی پہچان بنے گا۔ یہ نیا لوگو ہونڈا کی اس تیاری کی علامت ہے جس کے تحت وہ 2027 سے اپنی نئی الیکٹرونک (ای وی) اور ہائبرڈ گاڑیوں کی سیریز پیش کرنے جا رہی ہے۔

ہونڈا کا ”H“ نشان یا ’لوگو‘ پہلی بار 1963 میں متعارف ہوا تھا اور وقت کے ساتھ کئی تبدیلیوں سے گزرا۔ لیکن کمپنی کے مطابق اس بار یہ صرف ایک ڈیزائن نہیں بلکہ کمپنی کے مستقبل کے وژن کی عکاسی ہے، ایک نئے عہد کی شروعات ہے۔

نیا لوگو ہونڈا کی آئندہ جینیریشن کی برقی گاڑیوں، خصوصاً ”ہونڈا زیرو سیریز“، کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ علامت ان کے اس عزم کی نمائندگی کرتی ہے کہ وہ ”نئے الیکٹرونک ماڈلز کو صفر سے تخلیق“ کر رہے ہیں، یعنی ہونڈا اپنی روایتی بنیادوں کی طرف واپس جاتے ہوئے ایک نئی شناخت قائم کر رہے ہیں۔

نیا لوگو دو کھلے ہوئے ہاتھوں کی شکل جیسا ڈیزائن کیا گیا ہے، جو کھلے پن، تعاون اور صارفین کی خدمت کے عزم کی علامت ہے۔ ہونڈا کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائن اس وعدے کی علامت ہے کہ وہ نقل و حرکت کے نئے امکانات پیدا کرنے کے لیے مسلسل جدت لاتا رہے گا۔

کمپنی 2027 سے اپنی نئی برقی اور ہائبرڈ گاڑیوں میں یہ لوگو لگانا شروع کرے گی۔ اس کے بعد یہی نیا نشان ہونڈا کے شورومز، موٹر اسپورٹس سرگرمیوں، اور دیگر ادارہ جاتی مقامات پر بھی استعمال کیا جائے گا۔

ہونڈا نے اس تبدیلی کو اپنی ”دوسری بنیاد“ قرار دیا ہے، جس کے ذریعے وہ خود کو اس تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی آٹو انڈسٹری کے ساتھ ہم آہنگ کر رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا لوگو اس کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ الیکٹرنک انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی کے دور میں وہ اس تبدیلی میں قیادت کرے، نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرائے اور پرانے اصولوں کو چیلنج کرے۔

دنیا بھر کی آٹو کمپنیاں اپنے برانڈ کی شناخت کو نئے سرے سے ترتیب دے رہی ہیں تاکہ وہ الیکٹرونک دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔ ہونڈا کا نیا ”H“ نشان اس بات کا اعلان ہے کہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بھی جدت اور مستقبل کی تیاری ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں۔

Read Comments