شائع 15 جنوری 2026 03:54pm

جاوید شیخ بشریٰ انصاری کے بیان پر برہم

سینئر پاکستانی اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر جاوید شیخ نے بشریٰ انصاری کے ایک طنزیہ جملے پر کھل کر ناراضی کا اظہار کیا۔

بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ کا شمار پاکستان کے اُن سینئر فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں ایک ساتھ شوبز میں قدم رکھا۔ دونوں نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں کئی ڈراموں، مزاحیہ شوز اور تقریبات میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے باعث دونوں میں دوستی اور بے تکلفی بھی تھی۔

اس دور میں فنکاروں کے درمیان تعلقات زیادہ گھریلو ہوتے تھے اور بشریٰ انصاری اپنی بے ساختہ گفتگو جبکہ جاوید شیخ اپنے کھلے مزاج کے باعث ایک دوسرے سے کھل کر بات کیا کرتے تھے۔

حال ہی میں ایک تقریب کے دوران بشریٰ انصاری نے مذاق کے انداز میں جاوید شیخ کی ذاتی زندگی کا ذکر کیا، جس پر جاوید شیخ کو دکھ ہوا اور انہوں نے کھل کر اپنا ردِعمل دیا۔

ایونٹ کے دوران گفتگو میں بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ کی ذاتی زندگی، خاص طور پر ان کی شادی اور طلاق سے متعلق ایک بات کو مزاح کے انداز میں چھیڑا جوجاوید شیخ کو ناگوار گزری۔

اس تقریب میں بہروز سبزواری، روبینہ اشرف، بشریٰ انصاری اور شبیر جان سمیت دیگر معروف فنکار بھی موجود تھے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں بشریٰ انصاری یہ کہتی نظر آتی ہیں کہ انہوں نے جاوید شیخ کے گھر کو اپنے سامنے بنتے ہوئے بھی دیکھا ہے اور ٹوٹتے ہوئے بھی۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کا گھر ان کی وجہ سے نہیں ٹوٹا۔

اس پر جاوید شیخ نے واضح اور سخت لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی ہوئی شادی یا گھر کسی کے لیے مذاق نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بشریٰ انصاری کی ذاتی زندگی یا ناکام شادی پر بات نہیں کی، اس لیے کسی اور کی ذاتی زندگی پر طنز کرنا مناسب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی کہانی سنائی جائے تو اپنی کہانی کا ذکر بھی ساتھ ہونا چاہیے۔

@iamraheelbaig

Bushra answer & javeed sheikh face to face

♬ original sound - iamraheelbaig

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے جاوید شیخ کے مؤقف کی حمایت کی۔

کئی مداحوں نے بشریٰ انصاری کے اندازِ گفتگو کوناپسند کرتے ہوئے اسے غیر موزوں قرار دیا، جبکہ بعض نے کہا کہ نجی معاملات کا عوامی فورمز پر مذاق نہیں بنانا چاہیے۔

دوسری جانب صارفین جاوید شیخ کے ردِعمل کو درست کہہ رہے ہیں۔

Read Comments