شائع 15 جنوری 2026 05:27pm

بگ بیش لیگ میں نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان

آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) نے کھیل میں حکمتِ عملی اور دلچسپی بڑھانے کے لیے ایک نیا اور منفرد قانون متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ٹیموں کو ڈیزگنیٹڈ بیٹر اور ڈیزگنیٹڈ فیلڈر نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

بگ بیش لیگ کے سربراہ الیسٹر ڈابسن کے مطابق یہ نیا قانون آئندہ سیزن سے نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت ہر ٹیم اپنی پلیئنگ الیون میں سے ایک کھلاڑی کو ڈیزگنیٹڈ بیٹر کے طور پر نامزد کر سکے گی۔

نئے قانون کے مطابق ڈیزگنیٹڈ بیٹر کو عملی طور پر پلیئنگ الیون سے باہر رکھا جائے گا اور اس کی جگہ ایک ڈیزگنیٹڈ فیلڈر شامل کیا جائے گا۔ ڈیزگنیٹڈ فیلڈر بیٹنگ یا بولنگ نہیں کر سکے گا تاہم وہ وکٹ کیپر کی ذمہ داری انجام دے سکتا ہے۔

بی بی ایل حکام کے مطابق ٹیموں پر اس قانون کا اطلاق لازمی نہیں ہوگا اور وہ چاہیں تو اپنی منتخب الیون کے ساتھ ہی میدان میں اتر سکتی ہیں۔اس آپشن کے ذریعے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے گا اور تجربہ کار پاور ہٹرز کے کیریئر کو طول دینے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

الیسٹر ڈابسن کا مزید کہنا تھا کہ بگ بیش لیگ کھیل کے بنیادی ڈھانچے میں زیادہ تبدیلی سے گریز کرتی ہے تاہم اس قانون سے حکمتِ عملی اور تفریح میں اضافہ متوقع ہے۔ ان کے مطابق بگ بیش لیگ جدت اور ارتقا کی بنیاد پر قائم کی گئی تھی اور یہ نیا قانون شائقین کے لیے کھیل کو مزید دلچسپ بنائے گا۔

بی بی ایل انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ نیا قانون ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں نافذ نہیں کیا جائے گا۔

Read Comments