ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلادیش کا بھارت میں میچز کھیلنے سے پھر انکار
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ نے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹیم بھارت میں اپنے میچز نہیں کھیلے گی۔
صورتحال کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایک وفد بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کا دورہ کرے گا، جہاں وفد کی بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات متوقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس ملاقات کا مقصد بنگلادیشی بورڈ کے تحفظات کو سننا اور انہیں دور کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
بنگلادیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بنگلادیش کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم بھارت میں میچز کھیلنے کے بجائے سری لنکا میں اپنے میچز کھیلنے کی خواہشمند ہے اور یہی تجویز آئی سی سی کے سامنے رکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیشی حکام کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر متبادل مقام پر میچز کھیلنا زیادہ مناسب ہوگا۔ تاہم آئی سی سی کی جانب سے ابھی اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں اب آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی ملاقات پر لگی ہوئی ہیں، جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز کے وینیوز سے متعلق آئندہ لائحہ عمل طے کیے جانے کا امکان ہے۔