رنویر سنگھ کے فلم چھوڑنے کے بعد شاہ رخ خان کی ڈان 3 میں مشروط واپسی؟
بولی ووڈ کی مشہورایکشن فلم فرنچائز ڈان3 ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ اس فلم کو لے کر اس وقت فلمی حلقوں اور شائقین میں خاصی گہما گہمی پائی جارہی ہے۔ اب ایک تازہ رپورٹ نے شائقین کو حیران کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ اب ڈان 3 کا حصہ نہیں رہے، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں کہ شاہ رخ خان ایک بار پھر اپنے مشہور کردار میں واپسی کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرحان اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی ڈان 3 میں ابتدا میں اعلان کیا گیا تھا کہ رنویر سنگھ مرکزی کردار نبھائیں گے اور وہ اس مشہور کردار کو نئی پہچان دیں گے، جسے پہلے امیتابھ بچن اور بعد میں شاہ رخ خان نے امر کیا۔ تاہم 2025 کے اختتام پر سامنے آنے والی متضاد رپورٹس نے فلم کی کاسٹنگ کو مشکوک بنا دیا۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ایک بار پھر ڈان کے کردار میں نظر آ سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے انہوں نے ایک خاص شرط رکھی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ شاہ رخ اسی صورت فلم میں شامل ہونے پر آمادہ ہوں گے اگر فلم ’جوان‘ کے کامیاب ہدایتکار ایٹلی بھی ڈان 3 کے پروجیکٹ سے جڑتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے فلم سازوں کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے ڈان 2 میں شاندار اداکاری کی تھی۔ بعد ازاں ڈان 3 کے لیے رنویر سنگھ کا نام سامنے آیا، مگر گزشتہ سال خبریں آئیں کہ انہوں نے یہ فلم چھوڑ دی ہے۔
رنویر سنگھ کے فلم چھوڑنے کی اصل وجہ اب تک واضح نہیں ہو سکی۔ کچھ رپورٹس کے مطابق وہ فلم کی تیاریوں میں شامل تھے اور ایکشن ٹریننگ بھی لے رہے تھے، جبکہ دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ رنویر اپنی دیگر فلموں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ انہی متضاد اطلاعات نے ڈان 3 کی کہانی کو مزید الجھا دیا ہے۔
کچھ فلمی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر شاہ رخ خان واقعی فلم میں واپس آتے ہیں تو ممکن ہے وہ مکمل مرکزی کردار کے بجائے ایک خاص یا کیمیو کردار میں نظر آئیں۔
اس حکمتِ عملی سے ایک طرف ڈان کی پرانی یادوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے گا، جبکہ دوسری جانب کہانی کو نئی نسل سے جوڑنے میں بھی مدد ملے گی۔
فلم کی کاسٹ میں بھی بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ پہلے خبریں تھیں کہ کیارا اڈوانی، رنویر سنگھ کے مقابل مرکزی کردار ادا کریں گی، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ کیارا بھی اس پروجیکٹ سے الگ ہو چکی ہیں۔ اب اطلاعات ہیں کہ ان کی جگہ کریتی سینن کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
فلم کے ولن کے کرداروں کے لیے بھی مختلف نام سامنے آئے ہیں ، جس کے لیے وکرانت میسی اور وجے دیوراکونڈا سے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن دونوں اداکاروں نے مبینہ طور پر اس پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ڈان 3 میں ولن کا کردار کون نبھاتا ہے۔
اداکاروں کی بدلتی کاسٹ اور ولن کی تلاش پر جاری بحث نے ڈان 3 کو بولی ووڈ کی سب سے زیادہ زیرِ بحث فلم بنا دیا ہے۔ جب تک فلم سازوں کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آتا، شائقین اسی طرح ہر نئی خبر پر نظریں جمائے رکھیں گے۔
یہ طے ہے کہ چاہے شاہ رخ خان مرکزی کردار میں واپس آئیں یا کسی خاص انداز میں نظر آئیں، ڈان 3 بولی ووڈ کی سب سے بڑی فلموں میں شمار کی جائے گی۔