اپ ڈیٹ 17 جنوری 2026 10:25am

ورلڈ کپ: پاکستانی انڈر 19 بلے باز کی عجیب غلطی، خود کو رن آؤٹ کر بیٹھا

انگلینڈ انڈر 19 نے جمعہ کو حرارے کے تکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا، تاہم میچ کے اختتام پر ایک غیر معمولی واقعہ نے اس وقت سب کی توجہ حاصل کرلی، جب پاکستان کے بیٹر علی رضا غلط فہمی کے باعث خود ہی رن آؤٹ ہو گئے۔

یہ واقعہ 47ویں اوور کی تیسری گیند پر پیش آیا جب مومن قمر نے مینی لمزڈن کی گیند پر سنگل لینے کی کوشش کی۔

علی رضا اسٹرائیکر اینڈ تک پہنچ چکے تھے لیکن فیلڈر کی تھرو سے بچنے کے لیے غیر ضروری طور پر کریز سے باہر نکل گئے اور گیند کو وکٹ کیپر تک جانے دیا۔

انگلینڈ کے کپتان تھامس ریو نے فوری صورتِ حال کو بھانپتے ہوئے بیلز اڑا دیں۔

علی رضا نے واپسی کی کوشش کی مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور وہ کریز سے باہر قرار پائے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے مشکل وکٹ پر 210 رنز کا مجموعہ اسکور کیا جس کا دفاع انہوں نے منظم بولنگ کے ذریعے کامیابی سے کیا۔

انگلینڈ کے الیکس گرین نے ابتدا میں ہی پاکستان کے دونوں اوپنرز کو آؤٹ کر کے دباؤ بڑھایا جبکہ دیگر بولرز نے بھی نپی تلی لائن کے ساتھ مسلسل وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی ٹیم ایک موقع پر 85 رنز پر چھ وکٹیں گنوا بیٹھی تھی جس کے بعد کپتان فرحان یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 86 گیندوں پر 65 رنز بنا کر مزاحمت کی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی قابل ذکر ساتھ نہ مل سکا اور پوری ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

انگلینڈ کی اننگز میں بین ڈاکنز نے اچھا آغاز فراہم کیا جبکہ کیلب فالکنر نے 66 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ پاکستان کے لیگ اسپنر احمد حسین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو مزید بڑے اسکور سے روکے رکھا۔

گروپ بی میں شامل پاکستان اپنا اگلا میچ 19 جنوری کو اسی میدان میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ انگلینڈ ہفتے کو میزبان زمبابوے کے مدمقابل ہوگا۔

Read Comments