ثنا خان کو شوبز چھوڑنے کے لیے ’برین واش‘ کیا گیا؟
بگ باس سیزن 6 سے شہرت حاصل کرنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثنا نے شادی کے تقریباً چھ سال بعد اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ ان کا اپنا تھا۔
ثنا خان نے 2020 میں اپنے کیریئر کے عروج پرشوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے کا اعلان کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔
اعلان کے صرف ایک ماہ بعد ان کی مولانا مفتی انس سید سے شادی نے سوشل میڈیا پر کئی سوالات کو جنم دیا، جن میں سب سے نمایاں الزام یہ تھا کہ سنا خان کو اس فیصلے کے لیے ’برین واش‘ کیا گیا۔ اب سنا خان نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔
اداکارہ نے رشمی دیسائی کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ شوبز چھوڑنے کا فیصلہ مکمل طور پر ان کا اپنا تھا، نہ تو انہیں کسی نے مجبور کیا اور نہ ہی ان کے شوہر مولانا مفتی انس سید نے انہیں مذہب اختیار کرنے یا بالی ووڈ چھوڑنے پر قائل کیا۔
ثنا کے مطابق وہ اس وقت زندگی میں ایک اندرونی تبدیلی سے گزر رہی تھیں اور ذہنی سکون کی تلاش میں تھیں۔ ثنا خان کا کہنا تھا کہ دولت، شہرت اور پہچان کے باوجود انسان آخرکار سکون چاہتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی شخص کسی کو زبردستی نہیں بدل سکتا، جب تک انسان خود اس تبدیلی کے لیے تیار نہ ہو۔ بقول ان کے ،’میں نے خود ایک مختلف راستہ چنا، میرے شوہر نے صرف میری رہنمائی کی۔‘
نہ تو انہیں کسی نے مجبور کیا اور نہ ہی ان کے شوہر مولانا مفتی انس سید نے انہیں مذہب اختیار کرنے یا بالی ووڈ چھوڑنے پر قائل کیا
ثنا خان نے اپنی شادی کے بارے میں بھی حیران کن انکشافات کیے۔ اداکارہ کے مطابق ان کی شادی اتنی خفیہ تھی کہ اس کی بھنک کسی کو بھی نہیں لگنے دی گئی۔
ثنا خان کا کہنا ہے کہ ان کے قریبی رشتہ داروں، حتیٰ کہ بہن بھائیوں کو بھی علم نہیں تھا کہ وہ مولانا مفتی انس سید سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ مہندی لگوا رہی تھیں تو مہندی آرٹسٹ نے شوہر کا نام پوچھا، لیکن انہوں نے اسے بھی جگہ خالی چھوڑنے کو کہا اور نام بتانے سے انکار کر دیا۔
شوبز چھوڑنے کے فیصلے پرثنا خان کے اس فیصلے پر ان کے قریبی ساتھی فنکار بھی حیران تھے۔ ان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ زرین خان نے بھی ثنا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رحجان ہمیشہ سے مذہب کی طرف رہا ہے۔
زرین کے مطابق ثنا خان خوبصورتی اور شہرت کے باوجود خود کو اللہ کے قریب سمجھتی تھیں اور روحانی سکون کو دنیاوی چکاچوند پر ترجیح دیتی تھیں۔
واضح رہے کہ فلم ’جے ہو‘ میں کام کرنے والی ثنا خان آج اپنے شوہر مفتی انس سید اور دو بیٹوں کے ساتھ ایک سادہ، پرسکون زندگی گزار رہی ہیں اور اپنے فیصلے پر مطمئن نظر آتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حقیقی خوشی باہر نہیں بلکہ انسان کے اندر ہوتی ہے،اور وہ اسی خوشی کی تلاش میں تھیں۔