شہید فائر فائٹر فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کریں گے: میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سانحہ گل پلازہ میں شہید فائر فائٹر فرقان علی کی بیوہ کو ملازمت اور بیٹے کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میئر کراچی نے شہید فائر فائٹر فرقان کے لواحقین کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پیر کے روز جاں بحق فائر فائٹر فرقان کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہید فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کرے گی اور بچے کے تمام تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فرقان کی بیوہ کو ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام مالی فوائد اور تنخواہیں باقاعدگی سے ملتی رہیں گی۔ اس موقع پر لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت کا بھی اعلان کیا۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہید فرقان نے بہادری، دلیری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی ہے۔ جس کے اعتراف میں ناظم آباد فائر اسٹیشن کا نام شہید فرقان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
فرقان فائر بریگیڈ کا ملازم تھا جو اتوار کے روز صدر میں واقع گل پلازہ شاپنگ سینٹر کی شعلوں میں گھری عمارت میں پھنسے افراد کو بچانے کے دوران جاں بحق ہوا تھا۔
اہلِ خانہ کے مطابق 38 سالہ فرقان بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور ہر کسی کا لاڈلا تھا۔ غم سے نڈھال بہنوں کا کہنا ہے کہ فرقان ان کے لیے والد کی جگہ اور خاندان کا سہارا تھا۔
گل پلازہ کی آگ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فرقان کی شادی کو ابھی ڈیڑھ سال کا عرصہ ہی گزرا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق فرقان کا چھ ماہ کا ایک بیٹا ہے، جسے اس نے وکیل بنانے کے خواب دیکھ رکھے تھے۔
شہید فرقان کے بھائی کے مطابق ہفتے کی شام اس کی فرقان سے آخری ملاقات ہوئی تھی جبکہ اگلی صبح موبائل پر بات ہوئی، اس کے بعد کوئی رابطہ نہ ہو سکا۔ اہلِ خانہ کے مطابق فرقان علی اپنے پیچھے چھ ماہ کا بیٹا، بیوہ، دو بھائی اور چار بہنیں سوگوار چھوڑ گیا ہے۔
فرقان کا ذکر کرتے ہوئے اہل خانہ کی آواز بھر آتی ہے اور الفاظ ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔ فرقان علی اپنے پیچھے چھ ماہ کا معصوم بیٹا، بیوہ، دو بھائی اور چار بہنیں سوگوار چھوڑ گیا ہے جو آج بھی اس کے انتظار میں گھر کے دروازے پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔
اہلِ خانہ نے حکومت سے فرقان کی بیوہ کے لیے روزگار کا بندوبست کرنے اور بچے کے تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی فرقان علی کی شجاعت کو سراہتے ہوئے سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔