فرح خان کا شاہ رخ خان کے ساتھ نئی فلم کا عندیہ
بولی ووڈ کی معروف فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے برسوں بعد بالآخر ہدایتکاری میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
مداحوں کی جانب سے طویل عرصے سے کیے جانے والے سوالات، مذاق اور آن لائن پٹیشنز کے بعد اب فرح خان نے خود تصدیق کر دی ہے کہ وہ ایک نئی فلم بنانے کی تیاری کر رہی ہیں، جس میں شاہ رخ خان کے شامل ہونے کا بھی قوی امکان ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ انکشاف کسی پریس کانفرنس یا باضابطہ اعلان کے ذریعے نہیں ہوا، بلکہ اداکار نکوُل مہتا کے ممبئی میں واقع گھر پر ہونے والی ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران سامنے آیا، جو بعد میں بڑی بالی ووڈ خبر بن گئی۔
فرح خان نے یہ اعلان اپنے یوٹیوب ولاگ میں کیا، جہاں انہوں نے کھل کر اپنے آئندہ کے منصوبوں پر بات کی۔
بات چیت کے دوران نکوُل مہتا نے فرح خان کی ماضی کی فلموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس انداز کی فلموں کو بہت یاد کرتے ہیں۔ اسی موقع پر فرح خان نے وہ اس سال کے اختتام تک نئی فلم پر کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ان کے مطابق، ’میرے بچے کالج جانے والے ہیں، اس کے بعد میں فلم بناؤں گی۔ انٹرنیٹ پر میرے لیے ایک پوری پٹیشن بھی چل رہی ہے جس کا نام ہے ’واپس آؤ فراح خان‘، تو مجھے لگتا ہے اب وقت آ گیا ہے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے یہ بی واضح کیا کہ وہ اپنے کامیاب یوٹیوب چینل کو چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔ انہوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ یوٹیوب ان کے بچوں کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دیتا ہے۔
گفتگو کے دوارن جب نکوُل مہتا نے مذاقا پوچھا کہ کیا ان کی نئی فلم یوٹیوب کی کمائی سے بنے گی تو فرح نے برجستہ جواب دیا، ’اگر میں فلم بناؤں گی تو وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہی ہوگی، ورنہ میں یوٹیوب پر ہی کام کرتی رہوں گی۔‘
یاد رہے کہ فرح خان اور شاہ رخ خان کی جوڑی اس سے قبل کئی سپر ہٹ فلمیں دے چکی ہیں۔۔ دونوں اس سے قبل دونوں ’میں ہوں نا‘، ’اوم شانتی اوم‘ اور ہیپی نیو ایئر جیسی سپرہٹ فلموں میں ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ان فلموں کو آج بھی بولی ووڈ کی یادگار کامیابیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
فرح خان نے آخری بار2014 میں فلم ہیپی نیو ایئر 2014 کی ہدایتکاری کی تھی جو باکس آفس پر کامیاب رہی۔ اس کے بعد ان کی طویل غیر حاضری نے مداحوں میں بے چینی پیدا کیے رکھی، جس کا اختتام اب ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان 2023 میں فلم ڈنکی میں نظر آئے تھے اور وہ آئندہ سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ میں دکھائی دیں گے، جس کی ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا۔ فراح خان کے ساتھ ممکنہ نئے پراجیکٹ کی تفصیلات فی الحال منظرِ عام پر نہیں آئیں، مگر فلمی حلقوں میں اس خبر کو لے کر خاصا جوش پایا جا رہا ہے۔