شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
پاکستان کے سابق تجربہ کار کرکٹر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی 2016 سے جاری ان کا پی ایس ایل میں تسلسل بھرا سفر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر سابق قومی کپتان شعیب ملک نے اپنی ریٹائرمنٹ کی خبر شیئر کی اور اپنے پیغام میں لکھا کہ پی ایس ایل کے10سال کےکریئر میں آن اینڈ آف دی فیلڈ ہرلمحے سے بہت لطف اندوز ہوا ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ اس سفر کو یہاں ختم کروں۔
شعیب ملک کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مستقبل میں میری خدمات ہمیشہ حاضر رہیں گی۔ شکریہ ”پی ایس ایل“۔
شعیب ملک نے پی ایس ایل کے اب تک کے تمام 10 سیزن کھیلے ہیں، جب یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلایا جاتا تھا اور اس کے بعد یہ مکمل طور پر پاکستان میں منتقل ہو گیا، تب سے وہ اس لیگ کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے پی ایس ایل کیرئیر کے دوران 4 ٹیموں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی، 2025 میں اپنا آخری سیزن شعیب ملک نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلا تھا۔
شعیب ملک پی ایس ایل کے سب سے کامیاب کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، انہوں نے 92 میچز میں 2,350 رنز بنائے اور 33.09 کی اوسط سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے چوتھے کھلاڑی بنے۔
مڈل آرڈر میں بلے بازی کے علاوہ شعیب ملک کھیل کے آخری لمحات میں اننگز سنبھالنے، میچ کو فنش کرنے اور ٹیم کو توازن فراہم کرنے کے لیے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے 17 وکٹیں بھی حاصل کیں جو ان کے آل راؤنڈ ہونے کی پہنچان ہے۔
پی ایس ایل کے علاوہ شعیب ملک نے 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ اور 2019 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جب کہ ٹی 20 انٹرنیشنل سے انہوں نے باقاعدہ تو ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا تاہم 44 سالہ آل راؤنڈر نے 2021 کے بعد سے قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی تاہم وہ پی ایس ایل اور دیگر ٹی 20 لیگز کھیلتے رہے ہیں۔
شعیب ملک ٹی 20 کرکٹ میں چھٹے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 127.24 کی اسٹرائیک ریٹ سے 13,571 رنز سے بنائے، جن میں 83 نصف سنچریاں شامل ہیں۔