سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ نزاکت علی لاہور میں انتقال کر گئے
پاکستان کے سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ اور کوچ سید نزاکت علی طویل علالت کے بعد لاہورمیں انتقال کر گئے۔
مرحوم 25 برس تک قومی اور بین الاقوامی سطح پر سائیکلنگ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے اور بھارت سمیت مختلف ممالک میں پاکستان کا پرچم سربلند کیا۔
سید نزاکت علی پاکستان ریلویز کے سائیکلسٹ بھی رہ چکے تھے۔ انہوں نے ویلڈروم اور روڈ سائیکلنگ مقابلوں میں کئی قومی ریکارڈز قائم کیے۔
کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوچنگ سے وابستہ رہے اور نوجوان سائیکلسٹس کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
مرحوم گزشتہ کئی برسوں سے شدید مالی اور جسمانی مشکلات کا شکار تھے۔ وہ ذیابیطس اور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، جس کے باعث دو سال قبل ان کی ایک ٹانگ کاٹنی پڑی تھی جبکہ دوسری ٹانگ بھی متاثر تھی۔ بیماری اور معاشی تنگی کے باعث وہ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے ۔
مرحوم اکثر اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے تھے کہ پاکستان میں کھیلوں کے لیے جان لڑانے والے کھلاڑیوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھلا دیا جاتا ہے۔
سید نزاکت علی کی وفات سے پاکستان سائیکلنگ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں، شاگردوں اور مداحوں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔