شائع 22 جنوری 2026 11:26am

بنگلہ دیش میں انتخابات کی جنگ کا نیا میدان ٹک ٹاک، فیس بک اور یوٹیوب کیوں؟

بنگلہ دیش کے آئندہ انتخابات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ٹک ٹاک، فیس بک اور یوٹیوب کے اہم کردار ادا کرنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ رواں برس بنگلادیشی عام انتخابات میں میوزک، شارٹس ویڈیوز اور ووٹر انٹرویوز نے آن لائن جنگ کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنا دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جماعتِ اسلامی کی حمایت میں ریلیز کیا جانے والا گانا جو نومبر 2025 میں وائرل ہوا تھا، عوام میں سیاسی بحث کو کافی بھڑکا دیا تھا۔ اُس گانے میں سابقہ حکومتوں کے نشانوں کو مسترد کرنے اور جماعت کے نشان ”ترازو“ کو اجاگر کرنے کا پیغام دیا گیا تھا۔

اسی طرح، بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) اور نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) نے بھی اپنے انتخابی گانے اور آن لائن مواد کے ذریعے نوجوان ووٹروں، خاص طور پر جین زی، کو متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق بنگلہ دیش میں تقریباً 130 ملین انٹرنیٹ صارفین موجود ہیں، جن میں سے 74 فیصد آبادی آن لائن پلیٹ فارمز استعمال کرتی ہے۔

ووٹرز میں 43 فیصد ایسے افراد ہیں جن کی عمریں 18 سے 37 سال کے درمیان ہیں، اور یہ زیادہ تر وہ نوجوان ہیں جنہوں نے 2024 میں عوامی بغاوت کے بعد پہلی بار ووٹ دیا تھا۔

اس سال کے انتخابات بائی پولر ہیں، کیونکہ سابقہ حکمران جماعت عوامی لیگ کو سیاسی سرگرمیوں اور انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی قیادت میں اتحاد، جو حکومتی تجربے اور ملک میں اصلاحات کے وعدوں پر فوکس کر رہا ہے۔

جماعتِ اسلامی کی قیادت میں اتحاد، جس میں نیشنل سٹیزن پارٹی بھی شامل ہے، اور آن لائن مہم کے ذریعے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی اور سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

آن لائن حکمت عملی میں ویب سائٹس، شیئرایبل ویڈیوز، پالیسی کارڈز اور ووٹر رائے جمع کرنا شامل ہے، جبکہ انتخابات کے ساتھ ساتھ عوامی ریفرنڈم پر بھی آن لائن مباحثہ جاری ہیں۔

ریفرنڈم میں جولائی چارٹر کی توثیق کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس میں وزیراعظم کے اختیارات محدود کرنے اور عدالتی آزادی یقینی بنانے جیسے اصلاحاتی اقدامات شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن مہم انتخابات کی بحث کو فعال کرتی ہے اور نوجوان ووٹروں کے درمیان موضوعات طے کرتی ہے، جو جیت اور ہار میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔

Read Comments