شائع 24 جنوری 2026 09:18am

’چین کینیڈا کو نگل جائے گا‘، گرین لینڈ پر گولڈن ڈوم کی مخالفت پر ٹرمپ سیخ پا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو کینیڈا کے خلاف سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ گرین لینڈ کے اوپر مجوزہ امریکی میزائل دفاعی منصوبے ’گولڈن ڈوم‘ کی مخالفت کر کے شمالی امریکا کی سلامتی کو کمزور کر رہا ہے، جبکہ اس کے برعکس چین کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کو ترجیح دے رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ کینیڈا گرین لینڈ میں گولڈن ڈوم کی تعمیر کے خلاف ہے، حالانکہ گولڈن ڈوم کینیڈا کی حفاظت کرے گا۔

اس کے بجائے انہوں نے چین کے ساتھ کاروبار کے حق میں ووٹ دیا، جو پہلے ہی سال میں انہیں نگل جائے گا۔

گولڈن ڈوم ایک مجوزہ امریکی قیادت میں تیار کیا جانے والا میزائل دفاعی نظام ہے، جس کا مقصد پورے شمالی امریکا کو حفاظتی حصار میں لینا ہے۔ اس منصوبے میں خاص طور پر گرین لینڈ کی اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت کو استعمال کرتے ہوئے بیلسٹک، ہائپرسونک اور دیگر جدید میزائل خطرات کی بروقت نشاندہی اور روک تھام شامل ہے۔ یاد رہے گرین لینڈ ڈنمارک کا ایک خود مختار علاقہ ہے۔

ٹرمپ کے یہ بیانات اُن تقاریر سے ملتے جلتے ہیں جو انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم ڈیووس میں کی تھیں۔ یہ بات اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ امریکا اور کینیڈا، جو طویل عرصے سے اتحادی رہے ہیں، اس وقت غیر معمولی سفارتی کشیدگی کا شکار ہیں، خاص طور پر ایسے دور میں جب چین کے ساتھ عالمی سطح پر مقابلہ تیز ہو رہا ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی حال ہی میں چین کا دورہ مکمل کر کے واپس آئے ہیں، جہاں تجارتی تعلقات میں توسیع پر اتفاق ہوا۔

ان معاہدوں میں کینیڈین زرعی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی اور چینی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے کوٹہ شامل ہے۔ ٹرمپ نے ان اقدامات کو عوامی طور پر قابلِ قبول قرار دیا، تاہم انہیں اپنی مجموعی تنقید کے تناظر میں پیش کیا۔

صدر ٹرمپ کا یہ بیان ڈیووس میں کینیڈین وزیراعظم کی جانب سے امریکا پر کی گئی سخت ترین تنقید کے چند دن بعد سامنے آیا، جہاں مارک کارنی نے امریکی بالادستی کے زوال کا اعلان کرتے ہوئے ایک نئے عالمی نظام کے ظہور کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ٹرمپ نے اپنے مؤقف کو مزید سخت کرتے ہوئے کہا تھا کہ گولڈن ڈوم اپنی فطری ساخت کے باعث خود بخود کینیڈا کو بھی تحفظ فراہم کرے گا، اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ کینیڈا اپنے دفاع کا بڑا حصہ امریکا کا مرہونِ منت ہے۔

انہوں نے فورم کے شرکا سے خطاب میں کہا تھا ہم ایک گولڈن ڈوم بنا رہے ہیں جو اپنی نوعیت کے باعث کینیڈا کا بھی دفاع کرے گا۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا ہم سے بہت سی مفت سہولتیں لیتا ہے۔ انہیں شکر گزار ہونا چاہیے۔

کینیڈا واپس آ کر وزیر اعظم کارنی نے ٹرمپ کے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا امریکا کی وجہ سے زندہ نہیں ہے۔ کینیڈا اس لیے ترقی کرتا ہے کیونکہ ہم کینیڈین ہیں۔

Read Comments