رہائشی بلڈنگ پر فائرنگ، مشہور بھارتی اداکار گرفتار
ممبئی پولیس نے مشہور بولی ووڈ اداکار اور فلمی ناقد کمال راشد خان عرف ’کے آر کے‘ کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمال راشد خان کو اندھیری کے اوشیواڑہ علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر فائرنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، کمال راشد خان نے اپنے لائسنس یافتہ ہتھیار سے چار راؤنڈ فائر کیے، جن میں سے ایک گولی اس عمارت سے جا ٹکرائی جہاں معروف رائٹر اور ڈائریکٹر نیرج کمار مشرا رہائش پذیر ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکار کو جمعہ کی رات ان کے اسٹوڈیو سے حراست میں لیا گیا، جہاں ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
تفتیش کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ 18 جنوری کو فائرنگ انہی کی جانب سے کی گئی تھی۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کے پیچھے کیا مقصد تھا۔ تاہم دورانِ تفتیش کمال راشد نے دعویٰ کیا کہ ان کا کسی کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ہتھیار کی صفائی کر رہے تھے اور اسے چیک کرنے کے لیے فائر کیا۔
کمال راشد کے مطابق انہوں نے گولی گھر کے سامنے موجود مینگرووز کی طرف اس سوچ کے ساتھ چلائی کہ وہیں رک جائے گی، مگر تیز ہوا کے باعث ایک گولی آگے جا کر اوشیواڑہ کی رہائشی عمارت سے ٹکرا گئی۔
پولیس افسران نے بتایا کہ اس عمارت کی دوسری منزل پر رائٹر ڈائریکٹر نیرج کمار مشرا رہتے ہیں، جبکہ چوتھی منزل پر ماڈل پرتیک بیدی قیام پذیر ہیں۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ممکن نہ ہو سکی تھی، لیکن بعد کی تفتیش میں کمال راشد خان کا نام سامنے آیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کمال راشد خان قانونی مسائل میں گھرے ہوں۔ اس سے قبل بھی وہ اپنے متنازع سوشل میڈیا بیانات اور بولی ووڈ ستاروں پر سخت تنقید کے باعث متعدد بار خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔
سال 2022 میں انہیں ممبئی ایئرپورٹ سے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب ان کے ماضی کے ٹوئٹس دوبارہ منظرِ عام پر آئے تھے۔
اس سے پہلے، 2020 میں اداکار عرفان خان اور رشی کپور سے متعلق نازیبا اور قابلِ اعتراض ٹوئٹس کے معاملے میں بھی ان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، جس کے بعد انہیں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
فی الحال کمال راشد خان پولیس کی تحویل میں ہیں اور واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔