اپ ڈیٹ 24 جنوری 2026 02:52pm

لاہور میں بسنت: 6 فروری کو مقامی تعطیل کا فیصلہ

لاہور میں 6 فروری کو بسنت کے موقع پر مقامی تعطیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی تجویز پر حکومت پنجاب نے اس دن کو تعطیل کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری دی ہے تاکہ شہری بسنت کی تقریبات میں حصہ لے سکیں۔

ذرائع کے مطابق 6 فروری کو لاہور میں مقامی تعطیل بسنت کی وجہ سے دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے 5 فروری کو چھٹی رکھنے کی تجویز دی تھی، جس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 6 فروری کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

ڈی سی لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ 18 سال سے کم عمر بچے اہلخانہ کے ساتھ مل کر بسنت منا سکتے ہیں، تاکہ روایتی جشن میں تحفظ اور نظم و ضبط برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ محکمے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شہری امن و امان کے ساتھ بسنت کی تقریبات میں حصہ لے سکیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے لاہور کو ریڈ، یلو اور گرین زون میں تقسیم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حساس اور گنجان آباد علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے جہاں سخت ترین پابندیاں نافذ ہوں گی، جبکہ نسبتاً کم خطرناک علاقوں کو یلو اور محفوظ علاقوں کو گرین زون میں شامل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جس میں ڈرون کیمروں، سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور خصوصی کنٹرول رومز کے ذریعے شہر بھر پر نظر رکھی جائے گی۔ چھتوں پر شراب نوشی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

Read Comments