انڈونیشیا میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد ہلاک، 82 لاپتہ
انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 82 افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔
انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز صوبہ مغربی جاوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 82 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق سب سے زیادہ تباہی مغربی جاوا کے ضلع ویسٹ بینڈونگ کے گاؤں ’پاسیر لانگو‘ میں ہوئی ہے۔ جہاں طوفانی بارشوں کی وجہ سے دریاؤں کے کنارے ٹوٹ گئے۔ مٹی کے تودے آبادیوں پر گرنے سے کئی مکانات ملبے تلے دب گئے۔
رائٹرز کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان عبدالمُہاری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ کافی بڑی تعداد میں لوگ تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے آج ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا۔
انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات نے اس سے قبل مغربی جاوا میں شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے نے خبردار کیا تھا کہ ملک میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتہ جاری رہے گا۔ اس دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔