پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن، سری لنکن جہاز کا عملہ بچا لیا
پاک بحریہ نے گوادر سے تقریباً 8 سو کلو میٹر دور کھلے سمندر میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے سری لنکن عملے کو ریسکیو کرلیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستانی ساحل سے تقریباً آٹھ سو ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود ایک تجارتی جہاز گرے پام کو مدد فراہم کی گئی، جہاں عملے کا ایک رکن شدید علیل ہو گیا تھا۔
پاک بحریہ کے جہاز تبوک کو فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔ بحری جہاز کے طبی عملے نے متاثرہ فرد کو جہاز پر منتقل کر کے ضروری طبی امداد فراہم کی، جس سے اس کی حالت میں بہتری آئی۔ اس کامیاب طبی انخلا کے بعد مریض کی جان کو لاحق خطرہ ٹال دیا گیا۔
سری لنکن حکام نے پاک بحریہ کی بروقت مدد اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ متاثرہ فرد کے اہل خانہ نے بھی پاک بحریہ کے تعاون پر گہرے جذبات کا اظہار کیا اور اسے انسانیت کے لیے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں اور سمندر میں قومیت، سرحد اور شناخت سے بالاتر ہو کر انسانی جانوں کے تحفظ کے دیرینہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔
پاک بحریہ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ سمندری حدود میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح رہے گی۔