وادی تیراہ میں شدید برفباری، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری
شدید اور مسلسل برف باری کے باعث تیراہ میں معمولاتِ زندگی متاثر ہیں ۔۔ پاک فوج کی جانب سے مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔
مسلسل اور شدید برف باری کے نتیجے میں علاقے میں مواصلاتی اور زمینی رابطوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس کے پیش نظر پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک پہنچتی رہیں۔
پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں کھانا، کمبل، ہنگامی طبی امداد اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش تقسیم کی جا رہی ہیں۔
پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی راستے بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ سخت موسمی حالات کے باوجود سیکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں پر مقامی شہریوں نے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، امن کے قیام اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔