شائع 25 جنوری 2026 01:05pm

فیصل آباد: شیر کا وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ، اہلکار زخمی

فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ روڈ پر جلوی مارکیٹ میں واقع ایک دربار میں رکھے گئے شیر نے وائلڈ لائف رینجرز کی ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وائلڈ لائف کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق وائلڈ لائف رینجرز کو اطلاع ملی تھی کہ جلوی مارکیٹ میں موجود دربار میں شیروں کو غیر قانونی طور پر رکھا گیا ہے، جس پر ٹیم انہیں تحویل میں لینے کے لیے موقع پر پہنچی۔

اسی دوران کارروائی کے دوران پنجرے میں موجود شیر نے اچانک حملہ کر دیا اور اہلکار احسان محبوب کو دبوچ لیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے بعد وائلڈ لائف رینجرز کی ٹیم شیروں کو تحویل میں لیے بغیر ہی موقع سے روانہ ہو گئی، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات اور کارروائی شروع کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شیر کی موجودگی اور غیر قانونی طور پر اسے رکھنے کے معاملے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

Read Comments