اپ ڈیٹ 26 جنوری 2026 09:53am

کوٹ ادو: شوگر مل کے رہائشی کیمپس میں آگ لگنے سے دو مزدور جاں بحق

کوٹ ادو میں شیخو شوگر مل سناواں کے زیر تعمیر یونٹ کے رہائشی کیمپس میں آگ لگنے سے دو مزدور جاں بحق ہوگئے۔

کوٹ ادو میں شیخو شوگر مل سناواں کے زیر تعمیر یونٹ کے رہائشی کیمپس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دو مزدور جھلس کر جاں بحق جبکہ ایک مزدور زخمی ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹنگ کے عمل کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ کا فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت حسنین رضا، سکنہ النواز کالونی جھنگ، اور نعمان، سکنہ فتح پور ضلع لیہ کے طور پر ہوئی ہے۔

زخمی مزدور کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر بروقت قابو پانے کی وجہ سے مزید نقصان سے بچا لیا گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو بھی قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Read Comments