شائع 26 جنوری 2026 09:28am

برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کو فوجی بیرکوں میں رکھنے کا فیصلہ

برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے تارکینِ وطن کو سابق فوجی بیرکوں میں منتقل کرنے کی حکومتی پالیسی پر باضابطہ طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے ہوٹلوں پر ہونے والے بھاری اخراجات میں کمی لانا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت 18 سے 65 سال کی عمر کے سنگل مرد پناہ گزینوں کو سابق فوجی بیرکوں میں رہائش فراہم کی جا رہی ہے، جہاں بنیادی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

حکومت کے مطابق ہوٹلوں پر انحصار کی وجہ سے قومی خزانے پر غیر معمولی دباؤ بڑھ رہا تھا، جسے کم کرنے کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا۔

تاہم لندن سمیت مختلف شہروں میں شہریوں کی جانب سے حکومتی پالیسی کی شدید مخالفت سامنے آئی ہے۔

سیکڑوں افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی ریلیاں نکالیں اور حکومت سے یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے انگلینڈ کے جھنڈے لہرائے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے باعث ہوٹل انڈسٹری اور اس سے وابستہ کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس سے مقامی افراد کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

Read Comments