اپ ڈیٹ 26 جنوری 2026 01:58pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کا بھارت سے میچ کے بائیکاٹ سمیت مختلف آپشنز پر غور

ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت سے متعلق اہم فیصلہ آج متوقع ہے، جس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کے معاملے پر پاکستان کی جانب سے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ امکان ہے کہ مکمل بائیکاٹ کے بجائے صرف بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک تجویز یہ بھی زیرِ غور ہے کہ پاکستانی کھلاڑی احتجاجاً میچ کے دوران سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم آج اس معاملے پر فیصلہ کریں گے، جس کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ سے باہر نکالنے سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

پی سی بی نے میگا کرکٹ ایونٹ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے متعلق وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا تھا کہ مشاورتی عمل جاری ہے، جو بھی فیصلہ ہو گا، اُس سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

Read Comments