مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودہ گرنے کا خوفناک منظر ویڈیو میں قید
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع گندربل میں سونمارگ کے علاقے سربل میں منگل کی رات ایک برفانی تودہ گرنے کے مناظر ویڈیو میں قید ہوگئے۔ اس برفانی تودے نے کئی گھروں اور گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس بڑے حادثے کے باوجود کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
حکام کے مطابق یہ برفانی تودہ رات 10 بج کر 12 منٹ پر سونمارگ کے مشہور سیاحتی علاقے میں پہاڑ سے نیچے گھروں اور ہوٹلوں پر گرا۔
اس دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ برف انتہائی تیزی سے آگے بڑھتی ہوئے عمارتوں پر آگری اور انہیں ڈھانپ لیا۔
علاقائی حکام نے واضح کیا کہ برفانی تودے کی شدت کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس علاقے میں مسلسل برفباری کے بعد پیر کو ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا اور شدید برفانی تودے گرنے کا امکان بتایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں منگل کو ہونے والی تازہ برفباری کے باعث جموں سرینگر قومی شاہراہ بند کر دی گئی تھی اور سرینگر ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں سیکڑوں سیاح وادی میں پھنس گئے تھے۔