اپ ڈیٹ 29 جنوری 2026 11:17am

جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آچکی، مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں: فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ جنگ کی نوعیت میں زبردست تبدیلی آئی ہے، جس کی قیادت تکنیکی ترقی کر رہی ہے، اور اس سے ہر سطح پر ذہنی تبدیلی کی ضرورت پیدا ہوئی ہے۔

فیلڈ مارشل نے جمعرات کو بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی مشق کا مشاہدہ کیا اور قومی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کور کے مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس میں خصوصی طور پر ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر توجہ دی گئی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے خیرپور تامیوالی میں ہائی انٹینسٹی فیلڈ ایکسرسائز ”اسٹیڈفاسٹ ریزولف“ کا مشاہدہ بھی کیا، جس میں ڈرونز، جدید نگرانی کے نظام، الیکٹرانک وارفیئر کے آلات اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام کو شامل کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ تمام سسٹم تکنیکی صلاحیتوں سے لیس ملٹی ڈومین آپریشنز پر پاک فوج کی گرفت کو ظاہر کرتا ہے۔

آرمی چیف نے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ملک کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مستقبل کے جنگی میدان اور سیکیورٹی چیلنجز کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے فورس کی مکمل تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھرپور توجہ دی جائے۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاک فوج مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے۔ جنگ کی نوعیت میں زبردست تبدیلی آئی ہے جس کی قیادت تکنیکی ترقی کر رہی ہے اور اس سے ہر سطح پر ذہنی تبدیلی کی ضرورت پیدا ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں جسمانی کارروائیوں کی بجائے تکنیکی حربے زیادہ مؤثر ہوں گے اور یہ حملے اور دفاعی آپریشنز کے طریقہ کار کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیں گے۔ لہٰذا پاک فوج تیز رفتاری سے ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہے۔ اس عمل میں جدت، ملکی سطح پر تیاری اور ایڈاپٹیشن بنیادی اصول رہیں گے۔

اس سے قبل چیف آف ڈیفنس فورسز نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب (STP) کا افتتاح کیا، جس کا مقصد طلبہ، خاص طور پر جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتیں اور تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا، جس سے پاک فوج کی معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے وابستگی کو دوبارہ اجاگر کیا گیا۔

بعد ازاں انہوں نے ایم ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال، تکنیکی خود انحصاری اور دیگر لڑائی معاون اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اپنے بہاولپور گارزن کے دورے کے آغاز پر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال بہاولپور کور کے کمانڈر نے کیا۔

آرمی چیف نے یادرگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کر کے شہداء کی اعلیٰ قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Read Comments