امریکی صدر جو چاہیں پینٹاگون وہ کرنے کے لیے تیار ہوگا، پیٹ ہیگسیتھ
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے صدر ٹرمپ جو چاہیں گے پینٹاگون وہ کرنے کو تیار ہوگا۔
ایک بیان میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا تمام آپشنز استعمال کرنے کیلئے تیار ہے، ایران کے پاس معاہدہ کرنے کا موقع تھا، ایران کو اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔
امریکی وزیر دفاع کے مطابق ایران کے پاس معاہدہ کرنے کا موقع تھا، لیکن اس نے اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ جاری رکھا، جو امریکا کے لیے قابل قبول نہیں۔ ان بیانات کے ساتھ ہی واشنگٹن کی جانب سے ایران پر دباؤ میں اضافے کے اشارے بھی مل رہے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق امریکا نے اپنا بحری بیڑہ مشرق وسطیٰ میں تعینات کر دیا ہے۔ دو روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک امریکی بحری بیڑہ پوری طاقت کے ساتھ تیزی سے ایران کی جانب بڑھ رہا ہے، جسے امریکا کی سنجیدگی کا پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایران نے امریکی دھمکیوں کا سخت جواب دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں فوری جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایران اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ بیانات کے تبادلے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے سخت مؤقف صورتحال کو مزید حساس بنا سکتا ہے، جبکہ تاحال کسی عملی کارروائی کے بارے میں حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔