شائع 30 جنوری 2026 11:06am

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ آج متوقع

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے، جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ میں اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے۔ خطے کی بدلتی ہوئی کرکٹ صورتحال اور بنگلادیش کے حالیہ تنازع کے تناظر میں مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق مختلف تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس سلسلے میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو اعتماد میں لیا ہے اور خطے کی مجموعی کرکٹ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاری مشاورت کا مقصد کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس معاملے پر وزیراعظم پاکستان نے بھی خوش اسلوبی اور تدبر کے ساتھ فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا تنازع تقریباً تین ہفتوں سے جاری تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اثر و رسوخ کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کے جائز مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کے چار میچز کولکتہ میں شیڈول تھے تاہم ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد، بنگلادیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔ اس صورتحال کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں کیونکہ کھلاڑی بھارت میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر نکالے جانے کے فیصلے کو کرکٹ ماہرین نے نہ صرف حیران کن قرار دیا ہے بلکہ بھارتی صحافیوں کی جانب سے بھی اس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ متعدد مبصرین کے مطابق اس فیصلے کی بڑی وجہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ضد اور انا ہے۔

اسی سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ کے بائیکاٹ یا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے آپشن پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔

Read Comments