شائع 30 جنوری 2026 09:09pm

سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ملاقات، پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے باہر دھرنا ختم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے چیف جسٹس سے ملنے کے لیے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیا تاہم پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات ہوگئی، جس کے بعد احتجاج دھرنا ختم کردیا گیا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرعلامہ راجہ ناصر عباس، لطیف کھوسہ اور اراکین اسمبلی سپریم کورٹ پہنچے، جہاں پارٹی رہنماوں نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ اورلطیف کھوسہ نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کے چیمبر میں گئے تاہم چیف جسٹس کی غیرمودگی کے باعث ملاقات نہ ہوسکی۔ دونوں رہنماؤں نے رجسٹرار سپریم کورٹ اور اٹارنی جنرل سے ملاقات کی۔

بعد میں سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جو 30 منٹ سے زائد جاری رہی جب کہ ملاقات میں سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس کو پی ٹی آئی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے سپریم کورٹ کے باہر صبح سے جاری احتجاج ختم کردیا۔ اس دوران پولیس کی طرف سے سپریم کورٹ اور اطراف سخت سیکورٹی اقدامات کیے گئے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی رہنماوں کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ سیاسی ملاقاتیں بند ہیں، سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو خاموشی سے اسپتال لایا گیا، ان کے وزرا مسلسل جھوٹ بولتے رہے، ہم چاہتے ہیں کہ بانی کے ذاتی معالج ان سے ملاقات کریں، بانی کے ذاتی معالج تو سیاسی بات نہیں کرتے۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسپتال لے جانے پر بانی پی ٹی آئی کے خاندان سے مشاورت نہیں کی گئی، کہا جارہا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹروں کی رپورٹ بانی اور ان کی ہمشیرہ کے حوالے کی جائے گی، رپورٹ ہمارے سامنے آئے گی تو ذاتی معالج اور خاندان فیصلہ کرے گا، اصل معاملہ بانی پی ٹی آئی کی ناحق قید اور ان کے خاندان سے ملاقات نہ کروانے کا ہے، آگے کے لائحہ عمل پر ہماری آج میٹنگ ہوگی۔

سینیٹ میں اپوزیشن رہنما علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو کچھ یہ کررہے ہیں یہ غیر انسانی اور آئینی ہے، عدالتی احکامات کے باجود اہل خانہ اور ساتھیوں کی ملاقات نہیں ہورہی، دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہمارا عدالتی نظام کتنا کمزور ہے۔

Read Comments