شائع 31 جنوری 2026 12:46pm

ایلون مسک کے جیفری ایپسٹین کے ساتھ گہرے تعلق کا انکشاف

امریکی محکمہ انصاف نے جمعہ کو نئے عدالتی دستاویزات جاری کیے ہیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک اور بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم تھے۔

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق نئی جاری کردہ دستاویزات میں موجود ای میلز سے ظاہر ہوا ہے کہ ایلون مسک اور جیفری ایپسٹین کا ایک دوسرے سے رابطہ 2012 اور 2013 میں ہوا تھا جس میں مسک کی ایپسٹین کے نجی جزیرے لِٹل سینٹ جیمز پر ممکنہ آمد کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی، تاہم دونوں تبادلوں کے نتیجے میں مسک جزیرے پر نہیں جا سکے تھے۔

ای میل ریکارڈ کے مطابق دسمبر 2013 میں ایلون مسک نے ایپسٹین کو لکھا تھا کہ چھٹیوں کے دوران وہ بی وی آئی/سینٹ بارٹ کے علاقے میں ہوں گے، کیا وزٹ کے لیے کوئی مناسب وقت ہے؟

جس پر ایپسٹین نے جواب دیا کہ 1 سے 8 دسمبر کے درمیان کسی بھی دن آجائیں۔ جگہ تمہارے لیے کھلی ہے۔

بعد ازاں دونوں نے 2 جنوری کی تاریخ طے کی، تاہم ایپسٹین کی مصروفیات کے باعث یہ ملاقات نہ ہو سکی۔

اس سے قبل نومبر 2012 میں بھی ایپسٹین نے مسک سے ایک ای میل میں پوچھا تھا کہ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جزیرے پر کتنے افراد کے ساتھ آئیں گے، جس پر ایلون مسک نے اپنی سابقہ اہلیہ تلولا رائلی کے ساتھ آنے کا ذکر کیا تھا اور جزیرے پر پارٹیوں کے بارے میں سوال بھی کیا تھا۔ اِن ای میلز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایلون مسک پارٹی ماحول کے خواہاں تھے، جبکہ ایپسٹین نے جزیرے کے ماحول پر بھی تبصرہ کیا تھا۔

مسک ایپسٹین سے وابستگی اور ملاقات کے حوالے سے ہمیشہ تنقید اور تردید کرتے رہے ہیں، تاہم یہ نئی ای میلز ان کے دیرینہ دعووں کے برعکس نظر آتی ہیں۔

اس سے قبل ٹیسلا کے سی ای او نے 2019 میں دعویٰ کیا تھا کہ ایپسٹین واضح طور پر ایک کریپ ہے اور انہوں نے ایپسٹین کی جزیرے پر آنے کی تمام دعوتوں سے انکار کردیا تھا۔

یہ نئی ای میلز جو ایپسٹین کے ساتھ مسک کے روابط ظاہر کرتی ہیں، جمعہ کو محکمہ انصاف کی جانب سے 3 ملین دستاویزات کے ایک حصے کے طور پر جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین 2019 میں جیل میں مردہ پائے گئے تھے اور کئی سالوں سے دنیا کے طاقتور افراد سے ان کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیاں ہوتی رہی ہیں۔

Read Comments